0
Tuesday 24 May 2011 19:46

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے امریکہ اور پاکستانی طالبان دونوں سے نجات ضروری ہے، صاحبزادہ فضل کریم

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے امریکہ اور پاکستانی طالبان دونوں سے نجات ضروری ہے، صاحبزادہ فضل کریم
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے امریکہ اور پاکستانی طالبان دونوں سے نجات ضروری ہے۔ ”امریکہ نہ طالبان، پاکستان پاکستان“ کی سوچ اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ امریکہ اور طالبان میں سے کسی ایک کی مذمت کرنے والے آدھا سچ بولتے ہیں اور دہشت گردوں کو ہیرو بنانے والے قومی مجرم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ غوثیہ نوریہ سبزہ زار کے طلباء اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ پاک بحریہ کی طرح کرائے کے دہشت گردوں سے پاکستان کے جوہری ٹھکانوں پر بھی حملے کا ڈرامہ رچایا جا سکتا ہے، تاکہ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں پر قبضہ کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی فوجیں اتارنے کی راہ ہموار کی جا سکے۔ اس لیے قوم کے جاگنے اور متحد ہونے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی جنگ مشرف نے پاکستان کے گلے میں ڈالی، لیکن اب یہ جنگ پاکستان کی جنگ ہے، جسے قومی اتحاد اور قومی یکجہتی سے جیتا جا سکتا ہے۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ دہشت گردوں کی مقامی حمایت کا نیٹ ورک توڑنے اور تمام ریاستی اداروں کو دہشت گردوں کے حامیوں سے پاک کرنے کی ضرورت ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ دفاعی نظام کو اپ گریڈ اور سکیورٹی پلان کو ازسرنو تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور دہشت گردوں سے ڈرنے والے بزدل حکمرانوں کے ہاتھوں ملک محفوظ نہیں رہا۔ ملک آئی سی یو میں ہے اور پاک سرزمین ہر محب وطن کو پکار رہی ہے۔ مٹی کا قرض اتارنے کا وقت آ گیا ہے، اس لیے پوری قوم کمر کس لے کیونکہ پاکستان اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کیخلاف عالمی سازشیں تیز ہو چکی ہیں، لیکن امریکہ اور اس کے حواری جان لیں کہ پاکستانی قوم کا ہر فرد پاکستان کے دفاع، سلامتی اور ایٹمی پروگرام کی حفاظت کے لیے اپنے لہو کا ہر قطرہ نچھاور کر دے گا اور ناموس ارض وطن پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 74238
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش