0
Friday 10 Aug 2018 01:37

انتخابات سے قبل تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں انتخابی مواقع حاصل نہیں رہے، ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ

انتخابات سے قبل تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں انتخابی مواقع حاصل نہیں رہے، ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ
اسلام ٹائمز۔ امریکی تھنک ٹینک ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ (ایس اے ڈی ڈبلیو) نے پاکستان میں مسلسل تیسری مرتبہ انتخابات کے انعقاد کو جمہوریت کے استحکام میں کلیدی کردار قرار دیتے ہوئے اتنخابی عمل پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے ایس اے ڈی ڈبلیو کا کہنا تھا کہ انتخابات سے قبل تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں انتخابی مواقع حاصل نہیں رہے، آزادی صحافت بھی جزوی طورپر قدغن کا شکار نظر آئی۔ امریکی تھینک ٹینک کے صدر امیر مکھانی نے اپنے مشاہدے میں کہا کہ سیاسی عمل میں داخلی مداخلت، سیاسی کارکنوں پر تشدد کے واقعات اور انتخابی نتائج میں مبینہ رد وبدل کے باعث انتخابات سے متعلق متعدد سوالات جنم لے رہے ہیں۔ ان کی جانب سے انتخابات میں کالعدم تنظیموں کی شرکت پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ ایس اے ڈی ڈبلیو نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ حالیہ انتخابات میں مسترد ووٹوں کی تعداد 10 لاکھ 67 ہزاررہی جو الیکشن 2013ء کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہے اور متعدد پولنگ اسٹیشنز پر سست پولنگ کا عمل، گنتی کے وقت پولنگ ایجنٹس پر پابندی اور انتخابی نتائج کے اعلان میں خلل انتخابی قواعد و ضوابط کے منافی ہے۔ اس ضمن میں امیر مکھانی کا مزید کہنا تھا کہ متعدد انتخابی مسائل کے باوجود انتخابات کے انعقاد سے جمہوری اقدار مضبوط ہوئی ہیں تاہم حلقے میں خواتین ووٹرز کی 10 فیصد لازمی تعداد کے قانون کی وجہ سے خواتین کی بڑی تعداد نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ متعدد قبائلی اور شمالی علاقوں میں خواتین نے ووٹ ڈالا اور غیر مسلم کمیونٹی کے 3 امیدواروں نے عام نشست پر انتخابات لڑے تاہم بعض مذہبی اقلیتیں اس بار بھی انتخابی عمل سے باہر رہیں۔ اس حوالے سے کہا گیا کہ میڈیا پر مبینہ قدغن کے باوجود عوامی رائے میں بہتری نظر آئی۔ ایس اے ڈی ای ڈبلیو نے پاکستانی انتظامیہ پرزور دیا کہ صحافت پر سینسرشپ کے خاتمے، آزادیِ اظہار کے فروغ اور رائٹس آف ایسوسی ایشن کو آئین اور یونیورسل ڈکلیریشن آف ہیومن رائٹس کے مطابق پروان چڑھنے کا موقع فراہم کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 743651
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش