0
Sunday 12 Aug 2018 08:15

قائد اعظم نے جو کہا تھا اب سچ ثابت ہورہا ہے، ڈاکٹر فاروق عبداللہ

قائد اعظم نے جو کہا تھا اب سچ ثابت ہورہا ہے، ڈاکٹر فاروق عبداللہ
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ وہ مرتے دم تک ’’دفعہ 35 اے‘‘ کا دفاع کرنے کی لڑائی لڑیں گے۔ انہوں نے بھارت کو خبردار کیا کہ قانون کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ کی گئی تو حالات کنٹرول سے باہر ہوجائیں گے۔ سرینگر میں چیف جسٹس کی حلف برداری کی تقریب کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں قبر میں جانے سے قبل تک اس قانون کا دفاع کروں گا، وہ صرف جموں و کشمیر کو یاد رکھتے ہیں، ارونا چل پردیش کو نہیں، ہماچل یا ناگالینڈ کو نہیں، انہیں بھی آئین میں خصوصی پوزیشن حاصل ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اس قانون سے چھیڑ چھاڑ کے بعد وہ کس طرح کی صورتحال دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’آپ خود دیکھیں گے تب کیا ہوگا، دہلی خود دیکھے گی، تب صورتحال قابو میں نہیں آئے گی‘‘۔

دلائی لامہ کے جواہر لعل نہرو سے متعلق ریمارکس پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ’’دلائی لامہ نے جو کچھ کہا اس کے بارے میں پھر وضاحت بھی کردی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ دلائی لامہ نے معذرت کی ہے اور ایسا کر کے بہت اچھا کیا‘‘۔ انہوں نے کہا ’’لیکن ایک بات حقیقت ہے کہ مہاتما گاندھی نے بیشک محمد علی جناح کو وزیر اعظم کا عہدہ دینے کی پیشکش کی تھی، لیکن قائد اعظم نے انکار کیا تھا، قائد اعظم نے کہا تھا کہ وہ اقلیتی  وزیر اعظم ہوں گے جسے کسی بھی وقت ہٹایا جاسکتا ہے، لہٰذا غریب پاکستان اس کے لئے بہتر ہوگا بجائے اس کے کہ ایسے ملک کا وزیر اعظم بنیں، جہاں بھروسہ نہیں ہوگا، جو اب سچ ثابت ہورہا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو جس مختلف سمت میں لیا جارہا ہے، میرے خیال میں پہلے کسی نے ایسا سوچا بھی نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے خواب میں بھی نہیں سوچا ہوگا کہ ایک سیکولر ملک کو تبدیل کرنے کی اس طرح کی کوشش کی جائے گی، جو میں سمجھتا ہوں ان کے لئے بہت خطرناک ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 744020
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش