0
Friday 17 Aug 2018 20:53

الیکشن 2018ء میں صرف کراچی ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان میں دھاندلی ہوئی ہے، فاروق ستار

الیکشن 2018ء میں صرف کراچی ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان میں دھاندلی ہوئی ہے، فاروق ستار
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ الیکشن 2018ء میں صرف کراچی ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان میں دھاندلی ہوئی ہے، 10 ، 10 پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ ایک ہی رائٹنگ میں درج ہے، یہ کیسے ممکن ہے؟، سندھ میں نیا صوبہ بنانے کے لئے کراچی میں 50 لاکھ لوگوں کے دستخط کرائیں گے، ملک میں نئے انتظامی یونٹس بننے چاہئیں، نئے انتظامی یونٹس ہمارا مستقل نعرہ ہے، عوامی اور سیاسی تحریکیں ہی آئین میں ترامیم کا سبب بنتی ہیں، نئے صوبے کا مطالبہ جرم یا خواہش نہیں یہ وقت کی ضرورت ہے۔ ایک خصوصی انٹرویو میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کی نشستیں کم کرانے کے لئے سازش کی گئی، صرف کراچی نہیں پورے پاکستان میں الیکشن میں دھاندلی ہوئی، پروپیگنڈے کے باوجود ایم کیو ایم نے نشستیں حاصل کیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ایم کیو ایم خود بھی اندر سے مسائل کا شکار رہی ہے، 2018ء کے الیکشن میں ایم کیو ایم میں پرانا نظم و ضبط نہیں تھا، بانی ایم کیو ایم کے بغیر الیکشن لڑنے کا سیاسی طور پر نقصان ہوا، پی ایس پی کی وجہ سے بھی ہمارا ووٹ خراب ہوا، اسے ایک پلان کا حصہ سمجھا جا سکتا ہے، پی ایس پی کو لاکر ووٹر کو مایوس کیا گیا کہ وہ کسی اور کو ووٹ دے۔ انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں مردم شماری، حلقہ بندیوں اور بلدیاتی اختیارات سے محروم کیا گیا، پریذائیڈنگ افسران جس دن بولیں گے سب سامنے آجائے گا، ہمیں پریذائیڈنگ افسروں نے بہت سی باتیں بتائی ہیں، پولنگ اسٹیشنز پر شام 7 بجے کے بعد کیمرے بند ہونے کی تحقیقات ہونی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن نتائج میں تاخیر کے دوران انجینئرنگ کی گئی، الیکشن کے نتائج سے متعلق فارم 45 کہیں بھی فراہم نہیں کیا گیا، ہم بیلٹ پیپرز کا آڈٹ کرانے کا مطالبہ بھی کرچکے ہیں، الیکشن نتائج میں تاخیر کے معاملے پر بھی کمیشن بناکر تحقیقات کی جانی چاہیئے، جہاں سے ایم کیو ایم جیتی وہاں سے پولنگ ایجنٹس کو نہیں نکالا گیا، 10،10 پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ ایک ہی رائٹنگ میں درج ہے، یہ کیسے ممکن ہے؟۔ فاروق ستار نے کہا کہ وفاق میں ہم پی ٹی آئی کے اتحادی ہیں، عمران خان نے کہا ہے کہ حلقے کھولنے کو تیار ہیں تو کمیشن بنا دیا جائے، 2013ء الیکشن میں صرف 4 حلقے کھلوانے کے لئے کمیشن بنا، اکثریتی جماعت کو ایم کیو ایم پورا موقع دیتی ہے، وفاق میں ابھی تک اپوزیشن صحیح معنوں میں متحد نظر نہیں آتی، نواز شریف اور مریم نواز کے آنے سے ن لیگ کا گرتا مینڈیٹ تھوڑا اٹھا تھا۔
خبر کا کوڈ : 745097
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش