0
Wednesday 29 Aug 2018 12:23

سپاہی مقبول حسین کو آج فوجی اعزاز کیساتھ سُپردخاک کیا جائیگا

سپاہی مقبول حسین کو آج فوجی اعزاز کیساتھ سُپردخاک کیا جائیگا
اسلام ٹائمز۔ 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں بھارتی فوج کے ہاتھوں قید ہونیوالے پاک فوج کے سپاہی مقبول حسین کی نمازہ جنازہ آج ادا کی جائے گی، بعد ازاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سپاہی مقبول حسین کا جنازہ آج اٹک کے اے کے سینٹر میں ادا کیا جائے گا۔ اس کے بعد مرحوم کے جسد خاکی کو چکلالہ ایئر بیس منتقل کیا جائے گا، جہاں ان کا دوسرا نمازہ جنازہ ادا کیا جائے گا۔ بعدازاں انہیں پورے فوج اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گذشتہ شب 1965ء کی پاک بھارت جنگ کے ہیرو سپاہی مقبول حسین سی ایم ایچ اٹک میں انتقال کرگئے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سپاہی مقبول حسین 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں آپریشن کے دوران بھارتی فوج کے ہاتھوں گرفتار ہوئے تھے۔ انہوں نے 40 سال بھارت کے مختلف جیلوں میں گزارے۔

1965ء کی جنگ میں سپاہی مقبول حسین کپتان شیر خان کی قیادت میں دشمن کے علاقے میں اسلحے کے ایک ڈپو کو تباہ کر کے واپس آ رہے تھے کہ دشمن کا ایک گولہ لگنے سے شدید زخمی ہوئے، دشمن نے انہیں گرفتار کر لیا۔ جنگ ختم ہونے پر بھارتیوں نے مقبول حسین کا نام قیدیوں کی فہرست میں شامل نہ کیا، اس لئے انہیں شہید سمجھ لیا گیا تھا۔ بھارتی حکام سپاہی مقبول حسین کی زبان کھلوانے کیلئے اس پر شدید تشدد کرتے رہے، اس کیلئے انہیں 4 فٹ کی ایک کوٹھری میں بند کیا گیا، مگر ان کی زبان پر ایک ہی نعرہ تھا "پاکستان زندہ باد" آخر کار بھارتی فوج نے سپاہی مقبول حسین کی زبان کاٹ دی۔ ستمبر 2005ء کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارتی حکام نے پاکستانی قیدیوں کا ایک گروپ پاکستانی حکام کے حوالے کیا جن میں ایک کمزور بوڑھا قیدی بھی شامل تھا، جس کی زبان کٹی ہوئی تھی، یہ سپاہی مقبول حسین تھے۔ سپاہی مقبول حسین گرتا پڑتا اپنی رجمنٹ پہنچا اور کمانڈر سے ملنے کا تقاضہ کیا۔

کمانڈر سے ملنے پر اس کمزور بوڑھے نے ایک نوجوان فوجی کی طرح کمانڈر کو سلیوٹ کیا اور ایک کاغذ پر ٹوٹے ہوے الفاظ میں لکھا، سپاہی مقبول حسین، نمبر 335139، ڈیوٹی پر آ گیا ہے اور اپنے کمانڈر کے حکم کا منتظر ہے۔ یہی لوگ ہماری قوم کے اصل ہیرو ہیں۔ جنھیں پوری پاکستانی قوم سلام پیش کرتی ہے۔ مقبول حسین کو ان کی جرات اور بہادری کی وجہ سے ستارہ جرات سے نوازا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سپاہی مقبول حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اہل خانہ کو صبر کی تلقین کی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار نے بھی سپاہی مقبول حسین کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ سپاہی مقبول حسین نے 1965ء کی جنگ میں جس بہادری اور جرأت کا مظاہرہ کیا، ہمیں اس پر فخر ہے اور سپاہی مقبول حسین جیسے بہادر سپوت ہمارا فخر ہیں۔
خبر کا کوڈ : 746871
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش