0
Tuesday 11 Sep 2018 16:24

بیگم کلثوم نواز انتقال کر گئیں

بیگم کلثوم نواز انتقال کر گئیں
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا لندن میں انتقال ہو گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اپنی بھابھی بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میت لینے کے لیے وہ لندن جائیں گے۔ کلثوم نواز کینسر کے علاج کے لیے پچھلے سال سے لندن میں زیر علاج تھیں۔ آج صبح طبیعت خراب ہونے پر انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔ بیگم کلثوم نواز کو گزشتہ برس گلے کا کینسر تشخیص ہوا تھا۔ نواز شریف کو نااہل قرار دیئے جانے کے بعد بیگم کلثوم نواز نے این اے 120 سے ضمنی انتخاب جیتا تھا تاہم بیرون ملک ہونے کے باعث وہ حلف نہیں اٹھا سکیں۔ 1999ء میں فوجی بغاوت کے بعد نواز شریف کی قید و بند اور جلاوطنی کے دوران وہ 1999ء سے 2002ء تک پاکستان مسلم لیگ کی صدر بھی رہیں اور مشکل وقت میں پارٹی کو سنبھالا۔ کلثوم صاحبہ اعلیٰ تعیم یافتہ تھیں اور انہوں نے جامعہ پنجاب سے اردو میں ایم اے کیا تھا۔ کلثوم نواز نے پسماندگان میں 4 بچے چھوڑے ہیں جن میں حسن، حسین، مریم نواز اور اسما نواز شامل ہیں۔ کلثوم نواز کے شوہر نواز شریف، بیٹی مریم اور داماد کیپٹن (ر) صفدر ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ ہونے کے باعث اڈیالہ جیل میں قید ہیں جب کہ دو بیٹے حسن اور حسین نواز اشتہاری ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 749428
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش