0
Saturday 15 Sep 2018 17:19

شاہ محمود قریشی کی افغان صدر، چیف ایگزیکٹو اور ہم منصب سے ملاقاتیں، وفود کی سطح پر مذاکرات

شاہ محمود قریشی کی افغان صدر، چیف ایگزیکٹو اور ہم منصب سے ملاقاتیں، وفود کی سطح پر مذاکرات
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ کابل میں افغان صدر، چیف ایگزیکٹو اور ہم منصب سے ملاقاتیں کی جب کہ اس دوران وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔ وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے میں شاہ محمود قریشی افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  کے ایک روزہ سرکاری دورے پر کابل پہنچنے پر افغان وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے ان کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا جس کے بعد وزیر خارجہ افغان صدارتی محل روانہ ہوگئے۔ افغان صدارتی محل میں شاہ محمود قریشی کا ان کے افغان ہم منصب صلاح الدین ربانی نے استقبال کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جو تقریباً 45 منٹ تک جاری رہے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور افغانستان میں امن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر افغان صدر نے شاہ محمود قریشی کو وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان افغان صدر اشرف غنی کی سربراہی میں وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے جس کا دورانیہ 45 منٹ مقرر تھا تاہم یہ مذاکرات تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہے جس میں پاکستانی وفد کی نمائندگی شاہ محمود قریشی نے کی۔ مذاکرات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تمام باتوں پر مثبت انداز میں تفصیلاً بات چیت کی گئی جس میں دو طرفہ تجارتی امور، افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کا کردا،ر بارڈر مینجمنٹ اور جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کی بندش سمیت دیگر اہم امور پر بات کی گئی۔ اس کے علاوہ امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کے حالیہ دورہ پاکستان پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ مذاکرات میں دونوں جانب سے مزید ملاقاتوں اور مذاکرات کا عندیہ دیا گیا ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے افغان ہم منصب صلاح الدین ربانی سے بھی ملاقات کی جس دوران گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ ہمارے چیلنجز ایک جیسے ہیں جن سے باہمی تعاون سے ہی نمٹنا ہے، افغانستان میں ورکنگ گروپ پر زیادہ کام کرنے اور آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

افغان وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے بھی امن اتناہی ضروری ہے جتنا افغانستان کے لیے ہے۔ ملاقات کے موقع پر شاہ محمود نے دو طرفہ معاملات کے حل کے لیے دونوں اطراف سے علمائے کرام کی میٹنگ کی تجویز دی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب سے ملاقات کے بعد افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے شاہ محمود کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد ی۔ عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ امید ہے آپ اپنے اس منصب کے چیلنجز پر پورا اتریں گے جب کہ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان آنے کا خیال اسی لیے آیا کیونکہ پاکستان افغانستان کے لیے نرم گوشہ رکھتا ہے۔ افغان چیف ایگزیکٹو کی آمد سے پہلے شاہ محمود اور ان کے ہم منصب نے خوش گپیاں لگائیں۔ افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے شاہ محمود کو کہا کہ آپ کوانگوروں کا تخفہ بجھواؤں گا، میرے علاقے کے انگور اچھے ہیں، اس پر شاہ محمود قریشی مسکرادیئے۔ صلاح الدین ربانی نے شاہ محود سے کہا کہ آپ کے علاقے کے بھی تو آم مشہور ہیں جس پر وزیر خارجہ نے کہا کہ آپ کوملتان کےآم بجھوا دیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق وزیر خارجہ کا کابل کا پہلا دورہ کرنا پاکستان کی افغانستان اور علاقائی امن کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور کامیاب دورے سے مستقبل میں امن مذاکرات اور باہمی تعلقات میں مزید پیش رفت ہوگی۔ وزیرخارجہ نے حلف کے بعد سب سے پہلے افغانستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ افغان وزیرخارجہ صلاح الدین ربانی کی جانب سے بھی پاکستانی ہم منصب کو دورے کی دعوت دی گئی تھی۔ یاد رہے کہ افغان صدر اور وزیر خارجہ دسمبر 2015 میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان آئے تھے۔ خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ عندیہ ملا ہے کہ امریکا افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کے لیے ذہنی طور پر تیار ہے۔ افغانستان کے مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ امریکا نے اپنی پالیسی کا ازسرنو جائزہ لیا ہے، ہم بھی اپنی پالیسیوں کا ازسرنو جائزہ لیں گے۔ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ خطےکی ترقی اورخوشحالی افغان امن سے جڑی ہوئی ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 750181
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش