0
Sunday 30 Sep 2018 13:54

گوادر میں یونیورسٹی کا قیام ضروری ہے، جام کمال

گوادر میں یونیورسٹی کا قیام ضروری ہے، جام کمال
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ گوادر ایک بین الاقوامی شہر کی حیثیت اختیار کرنے جا رہا ہے، جس میں ایک مکمل یونیورسٹی کا قیام ضروری ہے۔ کابینہ نے گوادر یونیورسٹی کے ایکٹ کی منظوری دے دی ہے، جلد اس منصوبے پر کام کا آغاز ہوگا۔ ماضی میں بہت سے تعلیمی اداروں کے منصوبوں کو نامکمل چھوڑ دیا گیا یا ایسے مقامات پر بلاضرورت تعلیمی اداروں کی عمارتیں بنادی گئیں۔ جہاں ان کی ضرورت نہیں تھی، جس سے وسائل کا ضیاع ہوا اور ان علاقوں کے نوجوان تعلیمی سہولت سے محروم رہ گئے۔ ہم جو بھی منصوبے بنائیں گے وہ عوام کی ضروریات کے مطابق ہوں گے اور انہیں اپنے وقت پر مکمل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف تربت کے گوادر کیمپس میں طلباء وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جام کمال نے کہا کہ یونیورسٹی کا معیار بنانے کے لئے اچھی فیکلٹی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ مناسب پیکج دے کر ملک بھر سے ایسے اساتذہ کو بلوچستان کی یونیورسٹیوں میں لایا جائے اور مقامی اہل اساتذہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے۔ بلوچستان کی پسماندگی کے باوجود صوبے میں یونیورسٹیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جو ایک مثبت پیشرفت ہے۔ جلد صوبے میں نمل یونیورسٹی بھی قائم ہوگی اور نسٹ NUST جیسا معیاری تعلیمی ادارہ بھی قائم ہوگا۔

پاکستان کی 65 فیصد آبادی 30 سال سے کم جوانوں پر مشتمل ہے، لہٰذا ہمارے پاس باصلاحیت نوجوانوں کی اتنی بڑی تعداد ہے، جو پڑھ لکھ کر اور ہنرمند بن کر ملک اور صوبے کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ عصر حاضر میں سیاسی ومعاشی زاویوں میں تبدیلی آرہی ہے۔ خاص طور پر بلوچستان کے نوجوانوں کی سوچ وفکر بدل رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طلباء کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ طلباء ابھی سے اپنے پروفیشن کا انتخاب کریں اور اس کے لئے ریسرچ اور انٹرنیٹ کو ذریعہ بنائیں کہ انہوں نے عملی زندگی میں کس شعبہ میں جانا ہے، اپنے رحجان اور صلاحیتوں کو سامنے رکھ کر جو بھی فیصلہ کریں، اس پر مضبوطی سے قائم رہیں۔ صوبے میں سی پیک آ رہا ہے۔ گوادر پورٹ فعال ہو رہی ہے، یہ وہ مواقع ہیں جو موجودہ نسل کو حاصل ہیں۔ لہٰذا ان تمام مواقعوں کو سامنے رکھ کر اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں۔ طلباء اچھا فیصلہ کریں گے، تو ان کا مستقبل روشن ہوگا اور اگر غلط فیصلہ کریں گے تو ان کے لئے مشکلات ہوں گی۔
خبر کا کوڈ : 753036
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش