0
Thursday 4 Oct 2018 23:12

سی پیک میں سعودی شراکت داری پر ایران کو کوئی اعتراض نہیں، مہدی ہنر دوست

سی پیک میں سعودی شراکت داری پر ایران کو کوئی اعتراض نہیں، مہدی ہنر دوست
اسلام ٹائمز۔ ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ سی پیک گیم چینجر ہے اور اس میں سعودی شراکت داری پر ایران کو کوئی اعتراض نہیں۔ کوئٹہ میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے تسلیم کیا کہ سعودی عرب سمیت تمام اسلامی ممالک کی پاکستان میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے، دنیا جان چکی ہے کہ ترقی کا راستہ جنگ نہیں، باہمی روابط ہیں۔ ایرانی سفیر نے کہاکہ پاکستان اور ایران اسٹریجک پارٹنر ہیں، کچھ عناصر سرحد پار سے حملے کر کے دونوں ممالک کے تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں جبکہ عالمی طاقتیں مسلم ممالک کے اندرونی معاملات سے فائدہ اٹھا کر انہیں غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 

مہدی ہنر دوست کا کہنا تھاکہ ہمیں اپنے مشترکہ دشمن کو پہچاننا ہوگا، ایران اور پاکستان دونوں ممالک دہشت گردی کا شکار ہیں، خطے میں پائی جانے والی دہشت گردی سے دونوں ممالک نبردآزما ہیں۔ انھوں نے زور دیاکہ پاکستان اور ایران باہمی دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں  گے۔ ہماری کوشش ہے کہ دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے، ایران خود دہشت گردی کے واقعات سے متاثر ہے، ہمارا کسی دہشتگرد تنظیم سے کوئی تعلق نہیں، اسلام مخالف قوتیں خطے میں انتشار پیدا کرکے مسلم ممالک میں اختلافات کو ہوا دے رہے ہیں۔

ایرانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ ایران بین المذاہب ہم آہنگی پیدا کرنے کےلیے بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا، ہمیں داعش جیسی تنظیموں کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحاد پیدا کرنا ہوگا، شام میں لڑنے والے عسکریت انہی حالات سے تنگ ہو کر لڑنے پر مجبور ہوئے، موجودہ حالات میں ایران کسی دباؤ کا شکار نہیں ہوگا۔ ایرانی سفیر نے کہاکہ ایران اور پاکستان روز اول سے بہترین دوستوں کی طرح رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین باہمی اتفاق کے بہت سے منصوبے چل رہے ہیں۔ دونوں ہمسایہ ممالک کی خواہش ہے کہ اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کے لئے بہتر مستقبل کی کوشش کریں۔
 
خبر کا کوڈ : 753988
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش