0
Monday 8 Oct 2018 19:02

کراچی، موبائل فون پر بینک اکاؤنٹ کی معلومات دینے والا شخص 20 لاکھ روپے سے محروم

کراچی، موبائل فون پر بینک اکاؤنٹ کی معلومات دینے والا شخص 20 لاکھ روپے سے محروم
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں موبائل فون پر بینک اکاؤنٹس کی معلومات دینے والا شخص 20 لاکھ روپے سے محروم ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کا شہری موبائل فون پر بینک اکاؤنٹس کی معلومات دے کر 20 لاکھ روپے سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ مدعی بنت خان نے ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل میں مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ مدعی نے کہا کہ اسے 29 ستمبر کو ایک نامعلوم کال موصول ہوئی، جعل ساز نے مجھ سے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات پوچھیں اور میرے انکار پر مجھے وزیرستان میں میرے مکانات مسمار کرنے کی دھمکیاں دیں، میں نے ڈر کے تمام معلومات فراہم کر دیں۔ اگلے روز معلوم ہوا کہ میرے اکاؤنٹ سے 20 لاکھ روپے کی رقم نکلوائی جا چکی ہے۔ دوسری جانب ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ مدعی کی جانب سے دی جانے والی درخواست بینکنگ کورٹ میں جمع کرا دی گئی ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ جعل سازی کے ذریعے عوام کو بیوقوف بنا کر ان کے اکاؤنٹس سے رقوم نکلوانے والا  گروہ کراچی سے پنجاب تک پھیلا ہوا ہے۔ متاثرہ شخص بنت خان کے اکاؤنٹ سے رقم نکلوانے والے ملزمان میں محمد اقبال، محمد اسلم، رحمان و دیگر شامل ہیں، جنہوں نے مختلف حصوں میں بینک سے رقوم نکالیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق 10 لاکھ روپے جھنگ کی رہائشی خاتون بشریٰ ظہور کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئے، اور 10 لاکھ کی رقم نکالنے کیلئے 25 صارفین کے موبائل اکاؤنٹس استعمال ہوئے، فراڈ کی رقم بہاول نگر میں اومنی موبائل ویلٹ اکاؤنٹس کے ذریعے نکالی گئی۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ فراڈ کی مزید تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں، جلد ہی ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، تاہم عوام سے بھی درخواست ہے کہ موبائل فون پر کسی کو بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات مت دیں۔
خبر کا کوڈ : 754684
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش