0
Friday 26 Oct 2018 21:59

گلگت بلتستان میں خواتین یونیورسٹی کے قیام کیلئے کوشش کرونگا، عارف علوی

گلگت بلتستان میں خواتین یونیورسٹی کے قیام کیلئے کوشش کرونگا، عارف علوی
اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے حوالے سے میں نے وزارت داخلہ اور وزارت قانون سے بریفنگ لی ہے اور اسلام آباد پہنچتے ہی آئینی حقوق کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے کردار ادا کروں گا اور آئینی حقوق کے حوالے سے جو بھی فیصلہ ہوگا، وہ گلگت بلتستان کے عوام کی خواہشات کے عین مطابق ہوگا۔ انہوں نے جمعہ کے روز گلگت میں سینیئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں سکیورٹی اداروں کی کوششوں کی وجہ سے مثالی امن قائم ہوا ہے، اس مثالی امن کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں اور سالانہ ہزاروں ملکی اور غیر ملکی سیاح گلگت بلتستان کا رخ کر رہے ہیں اور ہر سال ان سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی اور گلگت بلتستان کے خوبصورت مقامات کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے میں ذاتی طور پر بھی کردار ادا کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے گلگت بلتستان کے خوبصورت علاقوں کی تصاویر پر مشتمل کئی کتابیں خریدی ہیں، یہ کتابیں غیر ملکی سفیروں کو تحفے میں دونگا، تاکہ گلگت بلتستان کی خوبصورتی بین الاقوامی سطح پر اجاگر ہوسکے۔ انہوں نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں خواتین یونیورسٹی کا قیام بہت ضروری ہے اور اسلام آباد پہنچتے ہی گلگت میں خواتین یونیورسٹی کے قیام کیلئے کوشش کرونگا۔ انہوں نے بتایا کہ ہنزہ میں تعلیمی معیار بہت بہتر ہے، ہم اس معیار کو برقرار کھنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت میں میڈیکل کالج کی تعمیر کیلئے اراضی مہیا کی گئی ہے اور میڈیکل کالج کے قیام میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے وہ خود کردار ادا کریں گے اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ذمہ دار حکام سے اس حوالے سے بات کریں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ گلگت چترال چکدرہ ایکسپرس وے کو پی ایس ڈی پی سے نہیں نکالا گیا ہے بلکہ اس منصوبے کا پی سی ون ہی جمع نہیں ہوا ہے، میں اس حوالے سے این ایچ اے کے چیئرمین سے بات کروں گا اور اس اہم منصوبے کا پی سی ون فور منظور کرنے کی ہدایت کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں صدر کی حیثیت سے کسی ایک پارٹی کا نہیں بلکہ تمام شہریوں کا صدر ہوں اور میرے لئے تمام لوگ مساوی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ وی وی آئی پی پرٹوکول کی مخالفت کی ہے اور میں خود بھی اس پر عمل کر رہا ہوں، تاکہ میرے دورے کے دوران شہریوں کو کوئی مشکل پیش نہ آئے۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے دورے کے دوران مختلف وفود کے علاوہ عام لوگوں سے بھی بات چیت کرکے گلگت بلتستان کے مسائل کو نوٹس کیا ہے، اسلام آباد پہچنے کے بعد ان مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گلگت بلتستان کے عوام میں شعور پیدا ہوچکا ہے، اب یہاں پر بدامنی نہیں ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ گلگت میں سیاحت کے بے پناہ مواقع ہیں، مگر عوام کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ گلگت بلتستان کو مری نہ بننے دیں۔
خبر کا کوڈ : 757999
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش