1
0
Thursday 1 Nov 2018 10:49

قبائلی اضلاع میں صحت انصاف کارڈز کی تقسیم کے معاملات وفاق کے سپرد

قبائلی اضلاع میں صحت انصاف کارڈز کی تقسیم کے معاملات وفاق کے سپرد
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے نئے ضم شدہ قبائلی علاقوں میں غریب و نادار افراد کو مفت علاج کی فراہمی کیلئے ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت صحت انصاف کارڈز کی تقسیم کے معاملات وفاق کے سپرد کر دیئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے اس سلسلے میں آئندہ 5 سالہ پلان تیار کر کے وفاقی حکومت کو دیدیا گیا ہے۔ وفاق نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں ایک اندازے کے مطابق 50 کروڑ روپے مختص کرے گا، جس کیلئے جرمن ادارے نے بھی مزید فنڈز کا عندیہ دیا ہے۔ جرمن ادارے کی جانب سے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کو 90 لاکھ یورو ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں صحت سہولت پروگرام کے تحت 71 فیصد آبادی کو مفت علاج فراہم کر رہی ہے، مجوزہ منصوبے کیلئے اسٹیٹ لائف انشورنس پاکستان سے معائدہ کیا ہوا ہے جس کی میعاد دسمبر 2018ء میں ختم ہو رہی ہے، اب محکمے نے نئے معاہدے کیلئے ٹینڈر مشتہر کر رکھا ہے تاہم بتایا جارہا ہے کہ بعض پیچیدگیوں کے باعث قبائلی اضلاع میں صحت انصاف کارڈز کی تقسیم وفاق کے حوالے کر دی گئی ہے جبکہ آئندہ دو سال بعد اگر صوبائی حکومت ذمہ داری اٹھانے کو تیار ہوگئی تو پھر منصوبے کو خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے کر دیا جائے گا۔

قبل ازیں سابق حکومت فاٹا کے دو اضلاع خیبر اور باجوڑ میں وزیراعظم ہیلتھ انشورنس پروگرام چلا رہی تھی جس کے تحت خیبر ضلع میں 61 ہزار خاندانوں اور ضلع باجوڑ میں 87 ہزار خاندانوں کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے جبکہ اب ہیلتھ انشورنس منصوبے کو تمام فاٹا میں متعارف کروانے کیلئے 3 لاکھ 2 ہزار خاندانوں کی رجسٹریشن کا ڈیٹا تیار کیا گیا ہے، تاہم اس میں ابھی شمالی اور جنوبی وزیرستان کے ڈیٹا کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وفاق کے تحت صوبے کے چار اضلاع مردان، کوہاٹ، چترال اور ایبٹ آباد میں وفاق کے چلنے والے پروگرام کو اب خیبر پختونخوا میں شامل کر دیا جائے گا اور قبائلی اضلاع مکمل وفاق کے سپرد ہوں گے۔ اب نئی رجسٹریشن میں گھرانوں کی بجائے خاندانوں کا اندراج ہوگا، جس میں میاں، بیوی اور ان کے غیر شادی شدہ بچوں پر مشتمل ایک خاندان تصور ہوگا جبکہ پاکستان تحریک انصاف حکومت نے ماسوائے سندھ کے خیبر پختونخوا سمیت پنجاب، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں باضابطہ صحت سہولت پروگرام کے نام سے صحت انصاف کارڈز کو ایک ہی رنگ و ڈیزائن میں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں صرف صوبوں کی پہچان کے مخصوص لوگو کو پرنٹ کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 758879
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

مومین خان
Pakistan
صحت انصاف کارڈ بنانے کے لئے دوبارہ سروے کیا جائے، بہت غریب عوام اس سے میسر نہیں۔
ہماری پیشکش