0
Saturday 3 Nov 2018 16:56

خاشقجی کے قتل میں سعودی حکومت کی اعلیٰ سطح شخصیت ملوث ہے، رجب طیب اردوان

خاشقجی کے قتل میں سعودی حکومت کی اعلیٰ سطح شخصیت ملوث ہے، رجب طیب اردوان
اسلام ٹائمز۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے حوالے سے انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے قتل کا حکم سعودی حکومت کی اعلیٰ سطح سے آیا۔ واشنگٹن پوسٹ میں شائع اپنے مضمون میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ جمال خاشقجی کے قتل کی کہانی سے ہر کوئی واقف ہے جس کے ہر پہلو سے تفتیش کے لیے ترکی نے زمین و آسمان چھان لیا جس کے نتیجے میں دنیا کو معلوم ہوا ہے کہ یہ ایک منظم قتل تھا۔ انہوں نے مزید سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ جمال خاشقجی کی لاش کہاں گئی، ان کی باقیات جس کے حوالے کی گئیں وہ مقامی سہولت کار کون تھا اور ان کے قتل کا حکم کس نے دیا یہ سوالات حل طلب ہیں۔ ترک صدر نے کہا کہ بدقمستی سے سعودی حکام ان سوالوں کے جوابات دینے سے انکار کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ مجرمان ان 18 مشتبہ افراد میں سے ہیں جن کو سعودی عرب میں حراست میں لیا گیا ہے اور ہم ان افراد کو بھی جانتے ہیں جنہوں نے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے خاشقجی کو قتل کیا اور واپس گئے۔ طیب اردوان نے وضاحت کرتے ہوئے اپنے مضمون میں کہا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ خاشقجی کو قتل کرنے کا حکم سعودی حکومت کی اعلیٰ سطح سے آیا تھا۔

ترک صدر نے کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض لوگوں کو امید ہے کہ یہ مسئلہ وقت کے ساتھ چلا جائے گا لیکن ہم یہ سوالات پوچھتے رہیں گے جو ترکی میں تفتیش کے لیے اہم ہیں اور خاشقجی کے خاندان اور چاہنے والوں کے لیے بھی اہم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے قتل کے ایک ماہ بعد بھی ہمیں نہیں معلوم کہ ان کی لاش کہاں ہے، وہ اسلامی اقدار کے مطابق تدفین کے حق دار ہیں۔ ترک صدر کا کہنا تھا کہ ہم ان کے خاندان، دوستوں اور واشنگٹن پوسٹ سمیت دیگر ساتھیوں کو انہیں الوداع کہنے کا موقع دینا چاہتے ہیں۔ امریکا سمیت پوری دنیا کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کو یقینی بنانے کے لیے دنیا ان سوالات کو پوچھتی رہے، ہم ثبوت اپنے دوستوں اور اتحادیوں سمیت امریکا کو دے چکے ہیں۔ ترک صدر نے سعودی فرماں روا پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سوالات کے باوجود میں اس بات پر زور دینا چاہتا ہوں کہ ترکی اور سعودی کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ایک لمحے کے لیے بھی یہ نہیں مانتا کہ خادم الحرمین شاہ سلمان نے خاشقجی کو نشانہ بنانے کا حکم دیا ہو، اس لیے میرے پاس یہ ماننے کی وجہ نہیں کہ اس قتل میں سعودی سرکاری پالیسی کا عکس ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 759262
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش