0
Tuesday 27 Nov 2018 21:48

ہمیں نفرتیں ختم کرکے محبتیں بانٹنی چاہیئں، نوجوت سنگھ سدھو

ہمیں نفرتیں ختم کرکے محبتیں بانٹنی چاہیئں، نوجوت سنگھ سدھو
اسلام ٹائمز۔ سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو تین روزہ دورے پر آج لاہور پہنچ گئے۔ نوجوت سنگھ سدھو واہگہ کے راستے لاہور پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ نوجوت سنگھ سدھو نے واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جو بیج بویا آج پودا بن چکا ہے، ان کے 3 ماہ قبل کئے گئے وعدے کی آج تکمیل ہو گئی ہے، ہمیں نفرتیں ختم کرکے محبتیں بانٹنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کرتار پور راہداری کھولنے کا وعدہ پورا کرنے پروزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکر گزار ہوں، دونوں ملکوں کو آپس کے اختلافات ختم کرکے تعلقات کو آگے بڑھانا چاہیے۔ نوجوت سنگھ سدھو  واہگہ سے سیدھا لاہور پریس کلب پہنچے جہاں انہوں نے پر ہجوم نیوز کانفرنس سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا 71 سال کا انتظار کرتار پور راہداری کی شکل میں مکمل ہوا، بارڈر کھلنے سے 12 کروڑ سکھوں کو خوشی نصیب ہوئی ہے، اس سے بڑھ کر خوشی نہیں مل سکتی۔

صحافی کے سوال پر کہ جن لوگوں نے آپ کے پہلے دورہ پاکستان پر تنقید کی تھی وہ اب بھی تلملا رہے ہوں گے تو سدھو کا کہنا تھا کہ حلف برداری تقریب میں آنے پر تنقید کرنیوالوں کو معاف کرتا ہوں، سکھ برادری کیلئے کرتار پور راہداری دیوانگی سے کم نہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچز ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کی جانب سے پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کی دعوت ملی تو ضرورت فائنل دیکھنے آوں گا، کھیل کو سیاست سے پاک کرنا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کانگرس پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ امن اور پیار کی بات کی۔ واجپائی اور من موہن سنگھ جی کے دور میں پاک بھارت تعلقات بہت اچھے تھے، اگر کانگرس آئندہ الیکشن میں جیتتی ہے تو تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بابا فرید کو فراموش نہیں کر سکتے اور مسلمان بابا گرونانک کو نہیں بھلا سکتے، ہم نفرتیں بھلا کر دلوں کو جوڑنے کی باتیں کریں تو اسی میں ہماری بہتری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا خواب ہے  امرتسر سے لاہور، لاہور سے کابل اور کابل سے قازقستان اور اسے سے بھی آگے ایک ریل چلے، اور ہم مزید آگے بڑھتے چلے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک زمانہ تھا امرتسر اور لاہور بڑی کاروباری منڈیاں تھیں مگر اب وہ بات نہیں رہی، ہم اگر امن اور محبت پھیلانے کی بات کریں گے تو اس سے دونوں ملکوں کو فوائد ہی ملیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جوڑنے والوں کو سب عزت دیتے ہیں جبکہ توڑنے والے کا انجام بھیانک ہوتا ہے۔ بعدازاں نوجوت سنگھ سدھو گورنر ہاؤس گئے جہاں انہوں نے گورنر پنجاب چودھری سرور سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی۔ گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ سدھو پاکستان میں اتنے مقبول ہیں کہ وہ اگر یہاں سے الیکشن میں حصہ لیں تو جیت جائیں گے۔ نوجوت سنگھ سدھو کے اعزاز میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی عشائیہ دیا میں لاہور کی سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 763560
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش