0
Sunday 16 Dec 2018 14:36

پلوامہ سانحہ سے بھارتی فورسز کا بھیانک چہرہ عیاں ہوگیا ہے، زاہد علی

پلوامہ سانحہ سے بھارتی فورسز کا بھیانک چہرہ عیاں ہوگیا ہے، زاہد علی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کی مزاحمتی اور مذہبی جماعتوں نے ضلع پلوامہ میں قابض فورسز کی فائرنگ میں سات عام شہریوں کو شہید اور متعدد افراد کو زخمی کرنے کو کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی سے تعبیر کیا ہے۔ جماعت اسلامی کشمیر کے ترجمان زاہد علی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پلوامہ میں کربلا جیسا سماں بپا کیا گیا اور بھارتی حکومت کے چہرے سے آج پردہ اُٹھ گیا اور اس کا یہ ظالمانہ منصوبہ طشت از بام ہوگیا کہ وہ کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کے درپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم و جبر کے خلاف احتجاج کرنے والے لوگوں پر راست فائرنگ سے واضح ہوتا ہے کہ کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی پر عمل کیا جارہا ہے اور پلوامہ سانحہ سے بھارتی فورسز کا بھیانک چہرہ عیاں ہوگیا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ اقوام عالم علی الخصوص مسلم ممالک کے اکثر حکمرانوں کی مسلمانوں کے تئیں بے حسی سے واضح ہوتا ہے کہ یہ حکمران بھی اسلام دشمن قوتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں اور صرف اپنے خاندانی اور ذاتی اقتدار کا تحفظ ہی ان کا ایجنڈا ہے۔ اس دوران کل جماعتی حریت کانفرنس (م) نے اندھادھند بلٹ اور پیلٹ کے ذریعے نہتے شہریوں اور سرفروشوں کو بے دردی سے مارنے  کی کارروائی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس بلند نصب العین کے حصول کے لئے جان و مال کی قربانیاں دی جارہی ہیں، انہیں کسی بھی قیمت پر نہ تو فراموش کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی ان قربانیوں کو نظر انداز کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قربانیاں ہماری تحریک آزادی کے لئے انمول اثاثہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔
 
اس دوران جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کشمیر میں انسانوں کا خون بے دریغ بہا رہے ہیں، کشمیری اس قتل عام اور نسل کشی کو ٹھنڈے پیٹوں برداشت نہیں کرسکتے۔ اپنے ایک بیان میں جموں و کشمیر تحریک حریت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے ضلع  پلوامہ میں خونین واقعہ پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے خون کی پیاسی فوج نے سرزمین پلوامہ کو خونِ ناحق سے سیراب کیا۔ اشرف صحرائی نے کہا کہ مظلوم و محکوم کشمیری قوم کو ہرروز فورسز کے ظلم و جور کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقِ خودارادیت کو دبانے کے لئے بھارتی حکمرانوں نے جموں و کشمیر کے عوام کو من حیث القوم صفحۂ ہستی سے مٹانے کا جو منصوبہ طے کیا ہے، اس منصوبے کو عملانے کے لئے وقت وقت پر نہتے عوام کے سینوں پر بندوقوں کے دہانے کھول کر انجام دیا جارہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 766946
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش