0
Monday 17 Dec 2018 09:40

عالمی برادری کشمیریوں کا قتل عام رکوانے میں کردار ادا کرے، ترابی

عالمی برادری کشمیریوں کا قتل عام رکوانے میں کردار ادا کرے، ترابی
اسلام ٹائمز۔ کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی سے گزشتہ 70سالوں میں 5 لاکھ شہید جبکہ 25 لاکھ کو ہجرت کرنے پر مجبور کیا، ہزاروں گمنام قبروں کے انکشافات آئے روز ہو رہے ہیں، نوجوانوں کو لاپتہ کر کے جعلی مقابلوں میں شہید کر کے اجتماعی قبروں میں دفنا دیا جاتا ہے، اربوں کی جائیدادوں کو تباہ کیا جا چکا، فصلیں تباہ اور باغات کاٹے جا رہے ہیں، گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے، قائدین حریت سید علی گیلانی اور ان کے رفقاء کو نظربند اور جیلوں میں قید کر رکھا ہے، سری نگر کی مرکزی جامع مسجد میں جمعہ کی نماز پر پابندی ہے، ریاست کے مسلم تشخص کے خاتمے کی کوشش ہو رہی ہے، پیلٹ گنوں کے استعمال سے ہزاروں نوجوانوں کو بینائی سے محروم کر دیا گیا ہے، سرچ آپریشن کے نام پر لوٹ مار کی جا رہی ہے، ان سارے جرائم کے حوالے سے بین الاقوامی انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر آ چکی جس نے ہندوستان کا سیاہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا، کشمیریوں کے دل امت مسلمہ کے ساتھ دھڑکتے ہیں، اسلامی ممالک اپنے بھائیوں کی آزادی میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رابطہ عالم اسلامی کے زیراہتمام عالمی کانفرنس کے موقع پر عالمی راہنمائوں سے ملاقاتوں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

عالمی کانفرنس میں دنیا بھر کے 135ممالک کے 800 سے زائد مندوبین شریک رہے جن میں حکومتی شخصیات، سکالرز، دانش ور، میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔ 28مختلف مسالک کے سکالرز کے خطابات ہوئے، کانفرنس میں امت کو درپیش چیلنجز کا احاطہ کیا گیا۔ اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ ہندوستان نے سیز فائر لائن پر غیراعلانیہ جنگ شروع کر رکھی ہے، بھارت کے کشمیر پاکستان اور مسلم دنیا کے حوالے سے عزائم خطرناک ہیں، بھارت اور اسرائیل گٹھ جوڑ امت مسلمہ کے لیے خطرناک ہے۔ کشمیری امت مسلمہ کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں لہٰذا OIC، عرب لیگ ہندوستان پر سیاسی، سفارتی اور تجارتی دبائو ڈالے تاکہ وہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت فراہم کرے۔

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کی قراردادیں نافذ ہو چکیں تو کشمیر پر قراردادوں پر عمل در آمد نہ کروانا اقوام متحدہ کی ناکامی اور عالمی برادری کا دہرا معیار ہے۔ مسئلہ فلسطین کے بعد عالمی ایجنڈے پر مسئلہ کشمیر سب سے اہم مسئلہ ہے، OIC اپنی قراردادوں کے مطابق فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجے، نیز کشمیر ریلیف فنڈ کو متحرک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس عالمی کانفرنس سے کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کی توقعات ہیں اتحاد امت وقت کی اہم ضرورت ہے سلامتی امور کشمیر جسے بنیادی مسائل حل کیے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا، مسلم ریاستیں اپنے تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے یورپی یونین کی طرح مشترکہ پارلیمنٹ، کرنسی، منڈی اور دفاع کے میدان میں اتحاد پیدا کریں۔
خبر کا کوڈ : 767076
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش