0
Tuesday 18 Dec 2018 22:46

پاکستان ہمیشہ کیلئے بدلنے والا ہے، مقصد ملک کو فلاحی ریاست بنانا ہے، وزیراعظم عمران خان

پاکستان ہمیشہ کیلئے بدلنے والا ہے، مقصد ملک کو فلاحی ریاست بنانا ہے، وزیراعظم عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمیشہ کے لئے بدلنے والا ہے اور ہمارا مقصد ملک کو ایک حقیقی فلاحی ریاست بنانا ہے۔ عمران خان سے ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی کی وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں عوامی مسائل، جنگلات و زراعت کی ترقی اور فلاحی و ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ارکان قومی اسمبلی کا عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم کی مخلص اور دیانتدار قیادت میں ملک ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی پسماندگی دور کرنے اور وہاں ترقی و خوشحالی کا سفر شروع کرنے کے لئے جو وژن وزیراعظم نے دیا ہے پہلے کسی حکومت نے نہیں دیا جس کے لئے ہم وزیراعظم کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب میں انتظامی خود مختاری کے امور کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور وزیراعظم نے جنوبی پنجاب کے حوالہ سے اپنے روڈ میپ کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ کے لیے بدلنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنانا ہے جس میں نچلے طبقے کو اوپر لایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی نے ہمیں قدرتی و معدنی وسائل سے مالا مال کیا ہے لیکن بدقسمتی سے ماضی میں ملک کی ترقی اور وسائل کو بروئے کار لانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے پُر عزم ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف کے نظریئے پر 2018ء کے الیکشن میں بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، انشاءاللہ جنوبی پنجاب ایک ترقی یافتہ خطہ بنے گا۔ ملاقات میں ممبران قومی اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لئے وزیراعظم آفس میں سینئر افسر کے تحت پبلک افیئرز ونگ کو فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا جو صوبوں سے بھی مستقل رابطے میں ہوگا۔ ملاقات میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈویژنل سطح پر ارکان قومی اسمبلی کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو عوامی مسائل کا مقامی قیادت کی مشاورت اور صوبائی حکومت کے تعاون سے حل یقینی بنائے گی۔
خبر کا کوڈ : 767448
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش