0
Tuesday 25 Dec 2018 07:17

قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے

قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے
اسلام ٹائمز۔ برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کی صورت میں آزاد وطن کا تحفہ دینے والے بابائے قوم محمد علی جناح کا یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے۔ 25 دسمبر 1876ء کو کراچی کے وزیر مینشن میں محمد علی جناح نے اثنا عشری گھرانے میں آنکھ کھولی تو کون جانتا تھا کہ یہ عظیم انسان آگے چل کر برصغیر کے مسلمانوں کی کشتی پار کرانے کیلئے نا خدا کا کردار ادا کرے گا۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے ابتدائی تعلیم سندھ مدرستہ الاسلام میں حاصل کی جب کہ میٹرک کا امتحان جامعہ ممبئی سے پاس کیا اور بعدازاں اعلیٰ تعلیم کے حصول کی خاطر لندن روانہ ہو گئے۔ 1895ء میں لندن کی یونیورسٹی سے 19 برس کی عمر میں قانون کی ڈگری حاصل کر کے کم عمر ترین ہندوستانی قانون دان کا اعزاز حاصل کیا اور کچھ ہی عرصے بعد ہندوستان واپس آکر باقاعدہ طور پر وکالت کا آغاز کیا جہاں ان کا شمار نامور وکلاء میں کیا جانے لگا۔

1896ء میں قائد اعظم محمد علی جناح نے سیاسی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے انڈین نیشنل کانگریس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی، لیکن کچھ عرصے بعد انہیں احساس ہوا کہ کانگریس صرف ہندوؤں کی نمائندہ جماعت ہے جہاں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جاتا ہے۔ چنانچہ 1913ء میں انہوں نے مسلمانوں کی نمائندہ واحد جماعت آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور یہاں سے علیحدہ وطن کی باقاعدہ تحریک کا آغاز کیا۔ آل انڈیا مسلم لیگ میں شامل ہونے بعد قائد اعظم نے اپنے شب و روز مسلمانوں کے سیاسی شعور کی بیداری کیلئے وقف کر دیئے۔ بالآخر ان کی جدوجہد رنگ لائی اور 14 اگست 1947ء کو برصغیر کے مسلمانوں کا علیحدہ وطن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا جس کا نام پاکستان رکھا گیا۔ آزادی کے بعد قائد اعظم کی طبیعت ناساز رہنے لگی اور کئی بیماریوں سے لڑتے لڑتے بالآخر 11 ستمبر 1948ء کو ملت کا یہ روشن ستارہ دار فانی کوچ کر گیا، لیکن رہتی دنیا تک یہ قوم اپنے عظیم قائد کی احسان مند رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 768508
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش