0
Thursday 27 Dec 2018 12:07
ٹارگٹ کلنگ کیسز میں گرفتار اور رہا ہونیوالے ملزمان سے بھی پوچھ گچھ جاری

علی رضا عابدی قتل کیس، خصوصی پولیس ٹیم تشکیل، قیدیوں سے تحقیقات کا فیصلہ

علی رضا عابدی قتل کیس، خصوصی پولیس ٹیم تشکیل، قیدیوں سے تحقیقات کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما سید علی رضا عابدی کے قاتلوں تک پہنچنے کیلئے جیل میں قیدیوں سے تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ قتل کیس کی مزید تحقیقات کیلئے 7 رکنی خصوصی پولیس ٹیم تشکیل بھی دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق علی رضا عابدی کے قتل کے کیس سے متعلق تفتیشی حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ قاتلوں تک پہنچنے کیلئے جیل میں قیدیوں سے آج سے تحقیقات کی جائیں گی، جبکہ ٹارگٹ کلنگ کیسز میں گرفتار اور رہا ہونے والے ملزمان سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ کروائی جا رہی ہے، اطراف کے 6 مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی گئی ہے۔

دوسری جانب علی رضا عابدی قتل کی مزید تحقیقات کیلئے ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے، ٹیم کی سربراہی سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ پیر محمد شاہ کریں گے، دیگر ارکان میں ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ زون طارق دھاریجو، قائمقام ایس پی کلفٹن سوہائی عزیز، ایس پی ڈی او مختیار احمد خاصخیلی، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن کلفٹن راجہ اظہر محمود، ایس ایچ او گزری انسپکٹر اسد اللہ منگی اور انویسٹی گیشن آفیسر انسپکٹر چوہدری امانت شامل ہیں۔ ٹیم کو دہشتگردوں کی گرفتاری کا ٹاسک دیتے ہوئے روزانہ رپورٹ دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ علی رضا عابدی کو نامعلوم دہشتگردوں نے 25 دسمبر کو ڈیفنس فیز 5 کے علاقے خیابان غازی میں ان کے گھر کے باہر فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں وہ دم توڑ گئے تھے۔ پولیس نے اس واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا تھا۔ علی رضا عابدی کے قتل کا مقدمہ گزشتہ روز گزری تھانے میں ان کے والد سید اخلاق عابدی کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں قتل اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 768864
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش