0
Sunday 30 Dec 2018 11:25

راجہ فاروق کی چیئرمین مسلم لیگ نواز سے ملاقات

راجہ فاروق کی چیئرمین مسلم لیگ نواز سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق خان اور مسلم لیگ نواز کے چیئرمین سینیٹر راجہ ظفرالحق کے درمیان ملاقات۔ دونوں رہنماوں نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور ملک کے سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راجہ ظفرالحق نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہو گا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ عالمی برادری کو بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔ راجہ ظفرالحق نے وزیراعظم آزادکشمیر کی قیادت کو سراہا اور کہا کہ ان کی قیادت میں مسلم لیگ نواز کی حکومت نے آزادکشمیر میں قائد پاکستان محمد نواز شریف کے ترقیاتی ویژن کو عملی جامہ پہنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا مسلم لیگ نواز پر اعتماد ہمارے لئے باعث فخر ہے۔

اس موقع پر راجہ محمد فاروق خان نے کہا کہ معمار پاکستان محمد نواز شریف پاکستان کی تاریخ میں ترقی اور خوشحالی کے استعارے کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ مقبوضہ کشمیر کے حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کر کے ہی جنوبی ایشیاء کو ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر اور بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے متفقہ لائحہ عمل پر اتفاق کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ترقی کا زینہ ہے اور پاکستان ہی کشمیریوں کی واحد آپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں گزشتہ چند روز میں بھارتی فورسز کے مظالم میں شدت آئی ہے، لائن آف کنٹرول پر نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی کوششوں میں راجہ ظفرالحق کے کردار کو سراہا۔
خبر کا کوڈ : 769309
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش