0
Monday 6 Jun 2011 00:24

حضرت امام باقر ع کی تعلیمات پر عمل سے نجات ممکن ہے، علامہ موسوی

حضرت امام باقر ع کی تعلیمات پر عمل سے نجات ممکن ہے، علامہ موسوی
راولپنڈی:اسلام ٹائمز۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے قائد آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ پانچویں امام حضرت امام محمد باقر ع کی تعلیمات پر عمل کر کے نہ صرف معاشرے کی اصلاح کو یقینی بنایا جاسکتا ہے بلکہ انسانیت کو درپیش گونا گوں مسائل و مصائب، مشکلات اور حوادثات و سانحات سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے عالمی عشرہ اجر رسالت کی مناسبت سے حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کے یوم ولادت پرنور کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی، علامہ موسوی نے کہا کہ قرآن مجید کے سورہ اعراف میں ارشاد خداوندی ہے کہ ہماری مخلوق میں سے کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو حق کی ہدایت کرتے ہیں اور حق کے ذریعے عدل و انصاف کرتے ہیں۔ یہ آیة مجیدہ اس بات پر دلیل و برہان ہے کہ قیامت تک ہر دور میں ایک ایسا شخص ضرور موجود رہے گا جو حق کا قائم کرنے والا، حق پر عمل کرنے والا اور حق کی طرف ہدایت کرنے والا ہو گا۔ 
انہوں نے کہا کہ کہ انہی خاصان خدا میں سے ایک عظیم ترین ہستی حضرت امام محمد باقر ع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام باقر علیہ السلام کا سینہ علوم کا خزینہ تھا۔ امام زہری، امام عوزاعی، امام مالک اور امام ابوحنیفہ جیسے بزرگ آپ ہی کی درس گاہ کے خوشہ چینوں میں سے تھے۔ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے واضح کیا کہ اگر ہم تمام مشکلات سے نجات چاہتے ہیں تو عالمی سرغنے اور اس کے اتحادیوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا اور الہی نمائندوں کی پیروی کرتے ہوئے استعمارکے بجائے ذاتِ پروردگار کی بارگاہ میں سجدہ ریز ہونا ہو گا، اسی میں ہماری نجات اور کامیابی و سرفرازی کا راز مضمر ہے۔
خبر کا کوڈ : 77025
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش