0
Monday 28 Jan 2019 10:37

عمران خان کی سیاست جھوٹ، گالی اور غنڈا گردی پر کھڑی ہے، خواجہ آصف

عمران خان کی سیاست جھوٹ، گالی اور غنڈا گردی پر کھڑی ہے، خواجہ آصف
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ‎عمران خان کی باتیں خلفائے راشدین والی اور طرز عمل ابوجہل والا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے نمل یونیورسٹی میں تقریب کے دوران حزب اختلاف کو آڑے ہاتھوں لیا اور اپوزیشن جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ عمران خان کے بیان کے ردعمل میں لیگی رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ‎عمران صاحب کی باتیں خلفائے راشدین والی اور طرزعمل ابوجہل والا ہے، کیوں کہ ان کی سیاست جھوٹ، گالی اور غنڈا گردی پر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران بچوں کو بتاتے کہ مشرف کی گود میں کون بیٹھا تھا؟  وہ شہباز شریف پر بات کرنے سے پہلے ان جیسی تین میٹرو بنا کر دکھائیں، ‎نوازشریف اور شہبازشریف نے تین میٹروز 90 ارب میں بنائیں لیکن آپ نے پشاور میٹرو کے ایک کھرب کے کھڈے قوم کو دیئے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عوام کوبتائیں 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں کدھر ہیں؟ آپ نے نئے بجٹ میں 1000 روپے فی گھر رکھ کے عوام کا مذاق اُڑایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کدھر ہیں 300 ارب ڈالر جو آپ نے کہا تھا نوازشریف نے باہر بھیجے ہیں؟ سلیکٹڈ وزیراعظم صرف احتساب کے نعرے کے پیچھے چھپ کے وار کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بتاؤ پچھلے پانچ ماہ میں چھاپے گئے 1500 ارب روپے کس کی جیب میں گئے؟ ن لیگ کی ایمنیسٹی پر تنقید کرتے ہو لیکن آپ کی ہمشیرہ نے اُسی ایمنیسٹی کی چھتری کے نیچے پناہ لی۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ‎پی ٹی آئی حکومت پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ قرض لینے والی حکومت بن چکی ہے لہٰذا ‎عمران صاحب کیوں نہیں بتاتے ان کی حکومت یومیہ 15 ارب قرض لے رہی ہے جب کہ جی ڈی پی کی شرح 5.8 سے کم ہوکر تین فیصد پر آگئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جی ڈی پی شرح میں کمی سے ہر سال 7 لاکھ سے زائد افراد بیروزگار ہونے کا خدشہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 774664
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش