0
Friday 1 Feb 2019 20:28

مظلوم کشمیریوں کا ساتھ دینا تکمیل پاکستان کا ایجنڈا ہے، سنی تحریک

مظلوم کشمیریوں کا ساتھ دینا تکمیل پاکستان کا ایجنڈا ہے، سنی تحریک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے زیراہتمام ماہ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں لاہور سمیت پنجاب بھر کے جمعہ کے اجتماعات میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں جبکہ شہدائے آزادیِ کشمیر کیلئے قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما محمد شاہد غوری، محمد شاداب رضا نقشبندی، ڈاکٹر شاہد حسین، محمد زاہد حبیب قادری، ڈاکٹر عمران مصطفی کھوکھر، نگران ضلعی صدر علامہ شریف الدین قذافی و دیگر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مظلوم کشمیریوں کا ساتھ دینا تکمیل پاکستان کا ایجنڈا اور ہمارا قومی فریضہ ہے، حکومت کشمیریوں کیخلاف بھارتی ظلم کو عالمی برادری کے سامنے اُٹھائے اور کشمیر کی آزادی کیلئے ایک واضح لائحہ عمل دے، حکومت کو مذمتی بیانات سے آگے بڑھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے ایک نائب وزیر خارجہ کا تقرر کر کے وزارت خارجہ میں اور دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں میں الگ ڈیسک قائم کیے جائیں تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیر کی آزادی کیلئے موثر انداز میں آواز اٹھائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس سے دستبردار ہوکر پاکستان کا وجود قائم و دائم نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے اپنا غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے، 70 برس گزر جانے کے باوجود بھارت نہتے کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکا، کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں، انڈیا کبھی بھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کے نتیجے میں ایک لاکھ سے زائد نہتے کشمیری شہید ہو چکے ہیں، بھارت کی تمام تر کوششوں اور حربوں کے باوجود کشمیریوں کی تیسری نسل بھی بھارت سے آزادی چاہتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 775547
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش