0
Saturday 2 Feb 2019 18:03

گلگت بلتستان حکومت کے وزراء کا 5 فروری کو یوم حقوق گلگت بلتستان منانے کا اعلان

گلگت بلتستان حکومت کے وزراء کا 5 فروری کو یوم حقوق گلگت بلتستان منانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔  گلگت بلتستان حکومت کے کئی وزراء اور اراکین اسمبلی نے پانچ فروری کو یوم حقوق گلگت بلتستان منانے اعلان کر دیا، اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال، وزیر امور نوجوانان ثوبیہ مقدم، وزیر سیاحت فداخان، وزیر تعلیم ابراہیم ثنائی، پارلیمانی سیکرٹری میجر (ر) محمد امین اور غلام حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہمیں عوام نے مینڈیٹ دے کر ایوان میں بھیجا ہیں، اگر ہم آئینی حقوق کے معاملے پر آواز بلند نہ کریں تو یہ عوامی مینڈیٹ کی توہین ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بھی ہمارے ساتھ اور ہمارے موقف کی حمایت کرتی ہے، آئینی حقوق کا معاملہ قومی ایشو ہے، اس پر ہم قومی اسمبلی کے باہر احتجاج کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کشمیری عوام سے کوئی شکوہ نہیں، ہمیں شکایت ہے تو کشمیری قیادت سے ہے، جنہوں نے خود اقتدار اور اختیارات حاصل کیے اور ہمیں نظر انداز کیا، ہمارا مطالبہ ہے کہ سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات کے مطابق آئینی حقوق دیئے جائیں۔ حکومتی ممبران کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی کے اندر کوئی اختلاف نہیں، لیکن عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، ہم نے عوام کی نمائندگی کرنی ہے، ہمارا فرض ہے کہ اس مسئلے کو اٹھائیں، اگر کوئی بھی رکن اسمبلی ہمارے ساتھ آئے گا تو ہم ان کو خوش آمدید کہیں گے، انہوں نے کہا کہ پانچ فروری کو یوم حقوق گلگت بلتستان منانے کا مقصد ہرگز یہ نہیں کہ ہم کشمیریوں کے خلاف ہیں بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ کشمیر کے ساتھ گلگت بلتستان کا معاملہ بھی عالمی سطح پر اجاگر ہو۔
خبر کا کوڈ : 775740
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش