0
Monday 4 Feb 2019 14:17

گلگت، عوام اندھیرے میں، بااثر افراد کو 56 سپیشل ٹرانسفارمر نصب کرکے 24 گھنٹے بجلی فراہم

گلگت، عوام اندھیرے میں، بااثر افراد کو 56 سپیشل ٹرانسفارمر نصب کرکے 24 گھنٹے بجلی فراہم
اسلام ٹائمز۔ گلگت میں بااثر افراد کو 56 سپیشل ٹرانسفارمرز کے ذریعے چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ عوام اندھیرے میں ہیں۔ سپیشل ٹرانسفارمر اور لائنوں کو ختم کرنے کا حکومتی اعلان پسند و ناپسند کی نذر ہوگیا، سفارشی اور منظور نظر افراد کے لیے نصب سپیشل ٹرانسفارمر اور سپیشل لائنوں کو ہاتھ تک نہیں لگایا گیا، گلگت شہر میں 3 میگاواٹ بجلی سپیشل ٹرانسفارمرز کے ذریعے من پسند افراد، آفیسرز اور سیاست دانوں کو فراہم کی جا رہی ہے۔ محکمہ برقیات گلگت کی دستاویز کے مطابق ہسپتالوں اور اہم سرکاری دفاتر کے علاوہ سپیشل بجلی یعنی لوڈشیڈنگ فری والے کل 64 ٹرانسفارمز نصب ہیں۔ جن میں سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی ہدایت پر 8 ٹرانسفارمرز کو سپیشل پینل سے الگ کیا گیا ہے، جبکہ 56 ٹرانسفارمرز کیخلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی۔

 سرکاری دستاویز کے مطابق 56 ٹرانسفارمرز تین میگاواٹ بجلی کھا جاتے ہیں جبکہ یہی بجلی پانچ ہزار گھروں کو فراہم کی جا سکتی ہے۔ سرکاری دستاویز کے مطابق جن لوگوں کو کسی لوڈشیڈنگ کے بغیر مسلسل بجلی فراہم کی جاتی ہے، ان میں چیف انجینئر واٹر اینڈ پاور گلگت کے گھر میں لگے ٹرانسفارمر سے 40 سے زائد کنکشینز دیگر گھروں کو فراہم کیے گئے ہیں۔ ایک سیکرٹری کے گھر میں سپیشل ٹرانسفارمر لگانے کیساتھ محکمہ برقیات کے ایک لائن مین کو بھی سپیشل کنکشن دیا گیا ہے۔ اس وقت تین ٹھکیداروں اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے ایک اہم سیاست دان کو بھی سپیشل ٹرانسفارمر سے نوازا گیا ہے۔ محکمہ برقیات کی دستاویز کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی میں 1250 کلوواٹ کے 2 بڑے جبکہ 3 سو کلوواٹ کا ایک ٹرانسفارمر لگا ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 776053
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش