0
Wednesday 6 Feb 2019 21:27

وانا ایگری پارک میں کاروبار شروع نہ کرنے والوں کی الاٹمنٹ منسوخ کردی جائے گی، انتظامیہ

وانا ایگری پارک میں کاروبار شروع نہ کرنے والوں کی الاٹمنٹ منسوخ کردی جائے گی، انتظامیہ
اسلام ٹائمز۔ جنوبی وزیرستان کی انتظامیہ نے تاجروں کو متنبہ کیا ہے کہ ایگری پار وانا میں کاروباری سرگرمیاں شروع کریں، بصورت دیگر ان کی الاٹمنٹ منسوخ کردی جائے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر وانا کی جانب سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق تمام فروٹ و سبزی کمیشن ایجنٹس، گودام مالکان اور دکانداروں کو اس سے قبل بھی مطلع کیا جاچکا ہے، تاہم تاجروں کی جانب سے عملدرآمد نہیں ہوا۔ اعلامیہ میں الاٹمنٹ کے حامل تاجروں کو تنبیہ جاری کی گئی کہ 6 دن کے اندر اندر اپنی الاٹ شدہ منڈیاں، گودام اور دکانیں کر کاروبار شروع کریں، بصورت دیگر ان کی الاٹمنٹ کینسل کردی جائے گی۔ اعلامیہ میں مھولہ بالا افراد کو واجب الادا کرایہ یا سکیورٹی کی رقم جمع کرانے کی ہدایت کی گئی اور واضح کیا گیا کہ متعلقہ تاجر اور کاروباری اب کی بار بھی کاروبار شروع کرنے میں ناکام ہوئے تو الاٹمنٹ تنسیخ کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کی رقم بھی ضبط کردی جائے گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس 21 اکتوبر کو رکن قومی اسمبلی محمد علی وزیر نے اربوں روپے کی لاگت سے قائم کردہ ایگری پارک وانا کا باقاعدہ افتتاح کیا تھا جبکہ اس موقع پر فروٹ منڈی، گوداموں اور دکانوں کی چابیاں بھی مالکان کے حوالے کردی گئی تھیں۔ تاہم افتتاح کے کچھ ہی روز بعد مقامی تاجروں، کسانوں اور آڑھتیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جنہوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کیا کہ ایگری پارک وانا میں اصل کاشتکاروں اور حقداروں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ گذشتہ ہفتے بھی پارک میں دکانیں الاٹ نہ ہونے پر وانا کے آڑھتیوں کی تنظیم نے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں جنوبی وزیرستان کی انتظامیہ کے خلاف مظاہرہ کیا اور اسسٹنٹ کمشنر وانا اور ڈپٹی کمشنر پر کرپشن و اقرباء پروری ایسے سنگین الزامات کیے گئے۔ مظاہرین نے وزیراعظم، گورنر اور وزیراعلیٰ سے معاملے کا نوٹس لینے اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 776555
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش