0
Friday 8 Feb 2019 22:29

ہماری جدوجہد صرف آج کیلئے نہیں، آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کیلئے ہے، مصطفیٰ کمال

ہماری جدوجہد صرف آج کیلئے نہیں، آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کیلئے ہے، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی ایس پی کی جدو جہد صرف آج کے لئے نہیں بلکہ آنے والے کل کے لئے ہے تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک روشن اور بہتر مستقبل دے سکیں، جو لوگ 30 سالوں میں ہمارے لئے سیوریج کا نظام ٹھیک نہیں کر سکے وہ کیا میرے اور تمہارے بچوں کا مستقبل محفوظ کر سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار سید مصطفیٰ کمال نے نیو کراچی ٹاؤن یوسی 11 5G عیدگاہ کالونی اور یوسی 7 میمن محلے میں علیحدہ علیحدہ منعقدہ کارنر میٹنگز کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ذاتی مفادات کی خاطر کراچی کو کچرا کنڈی میں تبدیل کردیا گیا ہے، کراچی کا کوئی ایسا علاقہ نہیں جہاں سیوریج کا نظام درہم برہم اور سڑکیں ٹوٹی پھوٹی نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی میں دنیا چاند پر پہنچ رہی ہے اور ہم فضلہ ملا پانی پینے پر مجبور اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جو انتہائی افسوس کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُردو بولنے والے ایک مہذب اور پڑھی لکھی قوم تھی جس کے نوجوانوں کو تعلیم سے دور کرکے اسے جاہل بنا دیا گیا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میں نے راتیں جاگ کر کراچی بنایا ہے، اللہ نے مجھ سے یہ کام لیا، میں نے 3 سو ارب روپے اپنے ہاتھوں سے خرچ کئے اور مجھ پر کوئی کسی قسم کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ظالم وہ نہیں جو ظلم کر رہا ہے بلکہ ظالم وہ ہے جو خاموشی سے ظلم سہہ رہا ہے، ہمارے بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے آسمان سے کوئی فرشتے نہیں اتریں گے، ہمیں اپنے حقوق کے لئے خود اُٹھنا پڑے گا جب جاکر آپ کو حقوق ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے سب کو آزمایا ہے ایک بار پی ایس پی کو بھی آزماکر دیکھیں، ہمارے پاس جو فارمولا ہے اس سے ہم کراچی کو چھ مہینے میں بدل کر رکھ دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 776945
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش