0
Monday 18 Feb 2019 21:58

نااہل حکمران ملکی اثاثوں سمیت عوام کو گروی رکھنے پر تیار ہیں، مخدوم احمد محمود

نااہل حکمران ملکی اثاثوں سمیت عوام کو گروی رکھنے پر تیار ہیں، مخدوم احمد محمود
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین، سینیئر نائب صدر جنوبی پنجاب خواجہ رضوان عالم اور مولانا عامر رضا کے ہمراہ میڈیا آفس سے جاری مشترکہ بیان میں حکومتی معاشی پالیسیوں اور اقدامات پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت انتقامی سیاست کر رہی ہے، سب سیکرٹریٹ کا لولی پاپ نہیں جنوبی پنجاب صوبہ چاہیئے، کشکول کی معیشت اور دھول کی سیاست سے تبدیلی نہیں آسکتی، معیشت گرنے سے ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم عوامی خدمت کی بجائے اپوزیشن پر جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں، ریلیف کے دعویدار قوم کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں، تحریک انصاف کا طرز حکمرانی عوام کیلئے وبال جان بن چکا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یوٹرن وزیراعظم عمران خان آئی ایم ایف کے سفیر ثابت ہوئے، حکومت آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے کو چھپا رہی ہے، بجلی، گیس سمیت روزمرہ استعمال کی تمام اشیاء کی قیمتیں مزید بڑھیں گی۔ قوم کے ساتھ ایک بار پھر جھوٹ بولا گیا، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، حکومت پی ائے سی کا امیج تباہ کر رہی ہے، احترام پر حرف نہیں آنے دینگے، حکومت اپنی کرپشن چھپانے کیلئے پبلک اکاونٹ کمیٹی کا چئیرمین اپنا لانا چاہتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سہانے خواب دکھا کر عوام کو دھوکہ دیا، پہلے خود استعفیٰ دیں، پھر دوسروں سے مانگیں، ملکی سالمیت میں تیزی سے خلاء پیدا ہو رہا ہے، انتخابی نظام کی کمزوری کے سبب مفاد پرست ٹولہ اقتدار پر قابض ہوگیا ہے، عمران خان کی پالیسیوں سے ملک و قوم کو کوئی ریلیف نہیں ملا، حکومت نے ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا ہے۔ مخدوم احمد محمود نے کہا کہ پنجاب کے فیصلے پنجاب میں نہیں ہو رہے، موجودہ حالات میں اپوزیشن کا اکٹھا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ آئی ایم ایف سے قرض کے حصول کیلئے نااہل حکمران ٹولہ ملکی اثاثوں سمیت عوام کو بھی گروی رکھنے پر تیار ہیں، پی ٹی آئی حکومت معاشی محاذ پر قوم کیلئے بارودی سرنگیں بچھانے پر کاربند ہے، ملک کے اندر جمہوری نہیں شخصی آمریت نافذ ہے، جس کے تحت حکمران جماعت کو مضبوط کیا جا رہا ہے، علیم خان کو علیمہ خان کی طرح کلین چٹ دینے کی منصوبہ بندی پر عملدرآمد ہو رہا ہے، جنہیں پہلا این آر او دیا گیا، آئینی حقوق کو پامال کرنا پی ٹی آئی حکومت کا وطیرہ رہا ہے، مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے نوجوان نسل کی بہتر تعلیم و تربیت ضروری ہے۔
خبر کا کوڈ : 778383
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش