0
Tuesday 26 Feb 2019 11:14

میٹرک امتحانات، محکمہ تعلیم کا نقل کی روک تھام کیلئے ایپ متعارف کرنیکا اعلان

میٹرک امتحانات، محکمہ تعلیم کا نقل کی روک تھام کیلئے ایپ متعارف کرنیکا اعلان
اسلام ٹائمز۔ مشیر تعلیم خیبر پختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا میٹرک کے سالانہ امتحانات میں نقل کی روک تھام، سسٹم میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے اور حکومت کی رٹ مضبوط کرنے کیلئے پشاور میں سنٹرلائزڈ ایپلی کیشن متعارف کرے گی۔ میٹرک امتحانات 2019ء کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا کہ ایپ کی مدد سے میٹرک کے امتحانی ہالوں کی نگرانی کی جائیگی جبکہ ٹیکنالوجی کو دیگر امتحانات میں صوبے کے دوسرے اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی۔ اجلاس میں صوبے کے تمام بورڈز کے چیئرمینوں اور محکمہ تعلیم کے افسران نے شرکت کی۔ مشیر تعلیم نے ہدایت جاری کی کہ تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز امتحانی ہالوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور فعالیت یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ نیا متعارف کردہ سافٹ وئیر صوبے کے تمام بورڈز کے حوالے کیا جائے گا اور امتحانی ڈیوٹی کیلئے مقرر کردہ انسپکٹر اس ایپلی کیشن کے ذریعے امتحانی ہال کی رپورٹ پیش کرے گا۔ ضیاء اللہ بنگش نے ہدایت جاری کی کہ تمام پرچوں کیلئے صوبے کے تمام امتحانی ہالوں میں روزانہ کی بنیاد پر انسپکٹر تعینات کیا جائے۔ انہوں نے امتحانی بورڈز کے چیئرمینوں کو سختی سے ہدایت کی کہ ڈرا میں منتخب شدہ اساتذہ ہر صورت میں امتحانی ڈیوٹی کریں گے اور بغیر کسی وجہ سے ڈیوٹی سے انکار کرنے والے اساتذہ اور انسپکٹر کے خلاف ای اینڈ ڈی رولز کے تحت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس کسی بھی امتحانی ہال کے متعلق غلط رپورٹ سامنے آئی تو اس متعلقہ سکول کے پرنسپل، سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے خلاف ای اینڈ ڈی رولز کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ تعلیم میں میرٹ شفافیت اور اصلاحات کے عمل پر کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نقل کی روک تھام اور حقدار کو اس کا جائزہ حق ضرور ملے گا۔ مشیر تعلیم نے تمام بورڈ چیئرمینز کو ہدایت جاری کی کہ ایف اے، ایف ایس سی کے آئندہ امتحان میں سرکاری سکولوں اور پرائیویٹ سکولوں کے ہالوں میں طلبہ کو مشترکہ ہال میں بٹھایا جائے گا جن میں کچھ طلبہ سرکاری، کچھ پرائیویٹ سکولوں اور کچھ پرائیویٹ طور پر امتحان دینے والے طلبہ ہوں گے جبکہ کچھ جگہوں پر سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے ہالوں کو بھی آپس میں بھی تبدیل کیاجائے گا اور یہ فیصلہ صوبے کے تمام کیڈٹ کالجز پر بھی لاگو ہوگا۔ ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ میٹرک امتحان کے دوران جائزہ کیلئے ایڈوائزر انسپکشن ٹیم بھی بنائی گئی ہے جو امتحان کی نگرانی کرے گی۔

مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ مستقبل میں بھی مختلف بورڈز کے درمیان سنٹرلائزڈ سافٹ ویئر متعارف کئے جائیں گے جس کی مدد سے محکمہ تعلیم کے زیرانتظام اداروں اور ٹیکسٹ بک بورڈ کے درمیان ربط مضبوط کیا جائے گا۔ انہوں نے طلباء، والدین اور اساتذہ بشمول محکمہ تعلیم کے تمام سٹاف پر زور دیا کہ میرٹ اور شفافیت کیلئے حکومت کا بھر پور ساتھ دیں۔ قبل ازیں مشیر تعلیم کی جانب سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق محکمہ تعلیم کا کوئی بھی آفیسر یا ملازم دفتری نوٹیفیکیشن، آرڈرز اور دوسری معلومات سوشل میڈیا پر اپلوڈ نہیں کرے گا۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق سوشل میڈیا کیلئے معلومات محکمہ تعلیم کے آفیشل فیس بُک پیج پر خود بخود دی جائیں گی جبکہ معلومات اور آرڈرز سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 780141
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش