0
Thursday 28 Feb 2019 10:36

بلوچستان اسمبلی میں بھارتی جارحیت کیخلاف قرارداد منظور

مودی سرکار نے الیکشن میں کامیابی کیلئے پاکستان پر حملہ کیا
بلوچستان اسمبلی میں بھارتی جارحیت کیخلاف قرارداد منظور
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان اسمبلی میں بھارت کے جنگی جنون کیخلاف متفقہ مذمتی قرار داد منظور کرلی گئی، جس میں بھارتی جارحانہ اقدامات کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ارکان اسمبلی نے بروقت جوابی کارروائی پر افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا۔ بلوچستان اسمبلی کا خصوصی اجلاس ڈپٹی اسپیکر بابر خان موسٰی خیل کی زیرصدارت ہوا، جس میں مشیر کھیل عبدالخالق ہزارہ نے پورے ایوان کی جانب سے بھارتی جارحیت کیخلاف مذمتی قرارداد پیش کی، جسے اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان اسمبلی رات کی تاریکی میں بھارت کی بزدلانہ کارروائی اور پاکستان کیخلاف جارحیت کی مذمت کرتی ہے، بھارتی طیاروں کی سرحدی خلاف ورزی کے جواب میں بروقت کارروائی پر پاکستانی افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ پوری قوم کو اپنی مسلح افواج کی دفاعی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ وطن کی حفاظت کیلئے پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

قرارداد کے ذریعے وفاقی حکومت سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بھارت کے جارحانہ اقدامات پر عالمی برادری سے رجوع کرے اور معاملے کو عالمی فورمز پر اٹھایا جائے۔ قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے ارکان اسمبلی نے یک آواز ہوکر بھارتی جارحیت کی مذمت کی اور کہا کہ بھارت کو جنگ چھیڑنے کے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے، مودی سرکار نے الیکشن میں کامیابی کیلئے پاکستان پر حملہ کیا۔ ارکان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی عوام سمیت پورے ملک کے لوگ ملک کے دفاع کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ ہیں، ضرورت پڑی تو بلوچستان کے لوگ بھی سرحدی محاذ پر بھارت کیخلاف لڑیں گے۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے جو اپنی سرحدوں کی دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے، بھارتی جارحیت کے باوجود پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور بہتر انداز میں جواب دیا، بھارت میں بعض عناصر کو پاکستان کا افغانستان سمیت خطے کے استحکام کیلئے کردار پسند نہیں، اس لئے وہ سازشوں پر اتر آیا ہے، اسی طرح پاکستان کی سعودی عرب، مسلم امہ اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ برادرانہ اور اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے کی کوششیں بھی بھارت سے برداشت نہیں ہو رہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 780508
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش