0
Friday 1 Mar 2019 01:58

بھارتی شخصیات کا عمران خان کیجانب سے پائلٹ کی رہائی کے فیصلے کا خیرمقدم

بھارتی شخصیات کا عمران خان کیجانب سے پائلٹ کی رہائی کے فیصلے کا خیرمقدم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کے اعلان کا بھارتی سیاست دانوں اور کشمیری قیادت کے ساتھ دنیا بھر کی معتبر شخصیات نے خیرمقدم کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی جانب سے گرفتار بھارتی پائلٹ “ابھی نندن” کو بھارت کے حوالے کرنے کے اعلان کی عالمی سطح پر زبردست پذیرائی ہوئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا اعلان سنتے ہی بھارتی سیاستدان نوجوت سنگ سدھو خوشی سے کھل اٹھے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اچھا قدم اپنا راستہ خود نکالتا ہے، پاکستانی وزیراعظم کے خیر سگالی کے اقدام سے پائلٹ کے گھر والوں سمیت پورے بھارتی عوام کو بےپناہ خوشی ملی ہے۔ بھارتی پنجاب کے وزیراعلٰی امریندر سنگھ نے بھی عمران خان کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم کا اقدام خیر سگالی کی طرف مثبت قدم ہے۔

بھارتی خاتون صحافی برکھا دت نے کہا کہ یہ انڈین ٹی وی اینکرز کی بے وقوفانہ باتوں کا وقت نہیں، پاکستانی وزیراعظم کے فیصلے سے کشیدگی کم ہوگی اور ہمیں اس فیصلے کو سراہنا چاہیئے۔ کشمیری قیادت نے بھی پاکستانی کپتان کے فیصلے کو امن کے لئے خوش آئند قرار دیا۔ میر واعظ عمر فاروق نے ٹوئٹ میں امید ظاہر کی کہ اب جنگ کے منڈلاتے بادل چھٹ جائیں گے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے دروازے بھی کھلیں گے۔ مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلٰی محبوبہ مفتی بھی اس اقدام پر عمران خان کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بہترین لیڈر شپ کا مظاہرہ کیا، اب وقت آگیا ہے کہ ہماری سیاسی قیادت بھی ماحول کو سازگار بنانے کے لئے اقدام کرے۔ سابق برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گیلوے بھی وزیراعظم پاکستان کے معترف نکلے اور انہوں نے اس اقدام کو کپتان کی بہترین اننگز قرار دیا۔
خبر کا کوڈ : 780646
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش