0
Tuesday 26 Mar 2019 23:24

جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو ہر محاذ پر منہ کی کھانا پڑے گی، فخر امام

جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو ہر محاذ پر منہ کی کھانا پڑے گی، فخر امام
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام شاہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم سے دنیا کو آگاہ کرنے کے لیے عالمی اداروں کے پاس جائیں گے تاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرایا جاسکے۔ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے جو ان کو ملنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر رہنما پاکستان تحریک انصاف مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن و سماجی رہنما نعیم اقبال نعیم سے خصوصی ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا۔ پارلیمنٹ کی خصوصی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام شاہ نے اس موقع پر کہا کہ بھارت جتنا مرضی زور لگالے وہ بھارتی آئین کے ایکٹ 35 میں ترمیم نہیں کرسکتا اگر یہ کام آسان ہوتا تو ہندوستان کے کئی وزرائے اعظم پہلے ہی کرا چکے ہوتے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ تحریک جس انداز میں آگے بڑھ رہی ہے بھارت اس سے خوفزدہ ہے اور بدحواسی میں کشمیریوں پر طاقت کا بے دریغ استعمال کر رہا ہے۔

نریندر مودی اپنے الیکشن کے پیش نظر جارحانہ انداز اپنائے ہوئے ہے جو کہ خطہ کے لیے انتہائی خطرناک ہے، سیدفخر امام کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ذمہ دار ملک ہونے کا عملی مظاہرہ اور جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو ہر محاذ پر منہ کی کھانا پڑی، سیاسی و سفارتی سطح پر پاکستانی قومی قیادت وزیراعظم عمران خان اور افواج پاکستان کی موثر حکمت عملی سے بھارت پوری دنیا میں رسوا ہوا اور جگ ہنسائی کا سامنا کرنا پڑا۔ آج پاکستانی قوم نے اتحاد ویگانگت کا بھرپور مظاہرہ کرکے دشمن کو باور کروا دیا کہ وہ دفاع پاکستان کے لیے متحد ہیں، اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کا واقعہ بہت افسردہ خطرناک ہے، مگر جس طرح وزیراعظم نیوزی لینڈ نے اس موقع پر کام کیا تو انہوں نے ثابت کیا کہ وہ واقعی ایک قابل وزیراعظم ہیں۔
خبر کا کوڈ : 785287
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش