0
Friday 29 Mar 2019 21:18

تحریک انصاف نے ملکی معیشت کو داؤ پر لگا دیا ہے، گیس بجلی کے نرخوں میں اضافہ ظلم ہے، مرتضی وہاب

تحریک انصاف نے ملکی معیشت کو داؤ پر لگا دیا ہے، گیس بجلی کے نرخوں میں اضافہ ظلم ہے، مرتضی وہاب
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے مفادات کی خاطر ملکی معیشت کو داؤ پر لگا دیا ہے، گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ عوام کے ساتھ ظلم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ بیرسٹر مر تضیٰ وہاب نے کہا کہ وفاقی وزراء کی جانب سے سندھ حکومت کے خلاف مستقل پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، خوشامدی ٹولہ اپنی نوکری بچانے کے لئے غلیظ زبان استعمال کر رہا ہے، پیپلز پارٹی کو چار عشروں سے انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے لیکن ہم نے ہمیشہ جمہوری روایات کی پاسداری کی ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جھوٹے مقدمات کا جوانمردی سے مقابلہ کیا ہے، آصف زرداری کو گیارہ سال پابندِ سلاسل رکھ کر کچھ نہ ملا۔ مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ اسد عمر اور وزیراعظم عوام کو معاشی ترقی کے سبز باغ دکھا رہے ہیں، پچاس لاکھ گھر کیا خلاء میں بنائے جا رہے ہیں؟ وفاقی وزیر خزانہ کی معاشی کارکردگی پر کالم نویس تنقید کر رہے ہیں۔ انہوں نے نام نہاد احتساب پر کڑ ی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے چہیتوں کے اثاثوں پر چپ سادھ رکھی ہے، انصاف کے دوہرے معیار نے احتسابی عمل کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، نیب ملازمین کی بڑھتی ہوئی تعداد ملکی معیشت پر بوجھ بن چکی ہے۔

صوبائی مشیر نے کہا کہ کاروان بھٹو کی کامیابی اور بلاول بھٹو سے عوام کی والہانہ عقیدت سے سلیکٹڈ حکمران شدید خوف زدہ ہیں، اس لئے وہ پیپلز پارٹی پر جھوٹی تنقید کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے وفاقی وزراء جھوٹے پروپیگنڈے اور الزام تراشیوں میں مصروف ہیں اور انہیں عوام کے مسائل کا کوئی ادراک نہیں ہے۔ صوبائی مشیر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت کو مختلف ہتھکنڈوں سے غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، لیکن یہ کوششیں کامیاب نہیں ہونگی کیونکہ ہمیں عوام نے منتخب کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 785883
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش