1
Wednesday 10 Apr 2019 14:46

رواں سال 78 ہزار سے زیادہ بچے حافظِ قرآن تیار کرنے کا ریکارڈ پاکستان کے نام

رواں سال 78 ہزار سے زیادہ بچے حافظِ قرآن تیار کرنے کا ریکارڈ پاکستان کے نام
اسلام ٹٓئمز۔ پاکستان میں وفاق المدارس  العربیہ پاکستان کے زیرِ تعلیم اب تک 10 لاکھ سے زیادہ بچے قرآن پاک کو اپنے سینوں میں محفوظ کر چکے ہیں، جبکہ رواں سال 78 ہزار سے زیادہ بچے حافظِ قرآن تیار کرنے کا ریکارڈ بنا لیا۔ وفاق المدارس سے اب تک 10 لاکھ 20 ہزار 875 بچے قرآن مجید حفظ کر چکے ہیں جبکہ رواں سال 78 ہزار 845 بچے حافظِ قرآن بنے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاق المدارس کے جنرل سیکریٹری قاری حنیف جالندھری کا کہنا تھا کہ رواں سال وفاق المدارس کے تحت تقریبا 14 ہزار بچیوں نے قرآن پاک حفظ کیا۔

قاری حنیف جالندھری نے بتایا کہ قرآن پاک چھوٹی اور بڑی دونوں عمر میں حفظ کیا جاتا ہے، اسکے ساتھ بچوں کو پرائمری کلاسز بھی پڑھائی جاتی ہے جس کے بعد میٹرک میں داخلہ آسان ہو جاتا ہے جبکہ دینی تعلیم کے ساتھ دنیاوی تعلیم بھی دی جاتی ہے جس میں بنیادی مضامین بھی شامل ہیں۔ وفاق المدارس کے جنرل سیکریٹری نے بتایا کہ ملک کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں سمیت گاؤں میں بھی مدارس موجود ہیں جن کی تعداد 30 سے 35 ہزار بنتی ہے، جبکہ حفظ کرنے والے طلبہ کا تعلق مختلف شہروں سے ہوتا ہے۔

قاری حنیف جالندھری نے کہا کہ حفاظ بننے والے طلبہ کو سند وفاق المدارس کی طرف سے جاری کی جاتی ہے، جس کے بعد بچے اپنی تعلیم جاری رکھتے ہیں اور اپنی قابلیت کی بنیاد پر ہی مختلف شعبوں میں ملازمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حفظ کرنے والے بچوں کی عمر عام طور پر 4 سے 7 سال کے درمیان ہوتی ہے جبکہ کم سے کم 2 یا زیادہ سے زیادہ 3 سال میں بچے حافظ قرآن بن جاتے ہیں۔ وفاق المدارس کے جنرل سیکریٹری نے بتایا کہ ہمارے مدارس میں صبح فجر کے بعد یعنی 8 بجے سے رات 9 بجے تک تعلیم جاری رہتی ہے جس میں ناشتے، کھانے اور نمازوں کے وقفے کیے جاتے ہیں۔

قاری حنیف جالندھری نے بتایا کہ وفاق المدارس کا قیام 1959 میں ہوا لیکن ادارے نے حفاظ بچوں کا امتحان لینا 1982 میں شروع کیا، اگر امتحان لینا کا سلسلہ قیام کے وقت سے شروع کیا جاتا تو یہ تعداد تقریبا 20 لاکھ ہوتی۔ تین سال قبل وفاق المدارس کو پوری دنیا میں سب سے زیادہ حفاظ تیار کرنے پر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔ اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ایوارڈ کی تقریب سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہوئی تھی، جہاں معلوم ہوا کہ سعودی عرب میں سالانہ 5 ہزار بچے قرآن حفظ کر پاتے ہیں۔ ماہ رمضان میں وجود میں آنے والے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ماہ رمضان میں نزول ہونے والی سب سے عظیم کتاب قرآن پاک کو سالانہ ہزاروں بچے حفظ کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 787953
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش