0
Saturday 20 Apr 2019 23:42

کپتان کے کھلاڑی امپائر کی انگلی اٹھائے بغیر ہی آؤٹ ہورہے ہیں، حافظ حسین احمد

کپتان کے کھلاڑی امپائر کی انگلی اٹھائے بغیر ہی آؤٹ ہورہے ہیں، حافظ حسین احمد
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ قومی حکومت تشکیل دینے کے لئے مختلف جماعتوں کے لوگوں کو جمع کیا جارہا ہے، بیلنس برابر اور کچھ کمی کو پورا کرنے کے لئے لوگوں کو نکالا اور لگایا جارہا ہے، کپتان کے کھلاڑی امپائر کی انگلی اٹھائے بغیر ہی آؤٹ ہورہے ہیں، پوری ٹیم فالو آن کی طرف جارہی ہے، کپتان اگر حالات کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو استعفیٰ دیدیں۔ جیکب آباد کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا کہ بیلنس کو برابر کرنے کے لئے کابینہ سے لوگوں کو نکالا اور لگایا جارہا ہے، لگتا ہے کہ قومی حکومت نما چیز تشکیل دی جارہی ہے، جس میں تمام جماعتوں کی نمائندگی ہوگی اس لئے حفیظ شیخ، زبیدہ جلال سمیت دیگر جماعتوں کے لوگوں کو جمع کیا جارہا ہے، کیوں کہ کچھ کمی تھی جس کو پورا کرنے کے لئے نکالنے اور لگانے کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کی تبدیلیوں میں اتحادیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کی جارہی کیوں کہ اگر اتحادی چڑ گئے تو وہ بات بگڑ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بال ڈائریکٹ وکٹوں پر لگ رہا ہے اس لئے امپائر کی انگلی اٹھائے بغیر ہی کھلاڑی آؤٹ ہورہے ہیں، کپتان کی پوری ٹیم فالو آن کی طرف جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسد عمر اور فواد چوہدری کے استعفوں سے حالات سنبھلنے والے نہیں، اس لئے عمران خان کا استعفیٰ ضروری ہوچکا ہے، اگر حالات کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو عمران خان خود استعفیٰ دیدیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان چیخ چیخ کر کہتے ہیں کہ ان کا قصور کیا ہے، ان کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے قوم کو سبز باغ دکھا کر ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا، 8 ماہ کے اندر اقتصادی حالات بدسے بدتر ہوچکے ہیں یہی ان کا قصور ہے۔
خبر کا کوڈ : 789742
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش