0
Wednesday 24 Apr 2019 23:39
سعودی عرب میں شیخ باقر النمر کی تحریک کے 32 حامیوں کا سرقلم

امریکہ نے B ٹیم کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے، ایرانی وزیر خارجہ

امریکہ نے B ٹیم کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے، ایرانی وزیر خارجہ
اسلام ٹائمز - اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بدھ کے روز سعودی عرب میں شہید عالم دین شیخ باقر النمر کی اصلاحی تحریک کے 32 حامیوں سمیت 37 قیدیوں کے تلوار کے ذریعے سر قلم کرنے کے واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پر لکھا کہ امریکہ نے جیسے سعودی صحافی "جمال خاشگی" کے ٹکڑے ٹکڑے کئے جانے پر آنکھیں بند کر رکھی تھیں اب بھی سعودی رژیم کی طرف سے ان 37 شہریوں کے بہیمانہ قتل پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے امریکی قومی سلامتی کے مشیر "بولٹن"، سعودی ولی عہد "بن سلمان"، ابوظہبی کے ولی عہد "بن زائد آل نہیان" اور غاصب صیہونی رژیم کے وزیراعظم "بنجمن نیتن یاہو" (جن کو BB کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے) کو (امریکی بدمعاشوں کی) B ٹیم قرار دیتے ہوئے مزید لکھا کہ ٹرمپ کی حکومت نے B ٹیم کو ہر جرم کا ارتکاب کرنے کیلئے کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔

واضح رہے کہ منگل کے روز سعودی وزیر داخلہ نے اعلان کیا تھا کہ سعودی جیلوں میں قید 37 قیدیوں کو تلوار کے ذریعے سر قلم کر کے سزائے موت دے دی گئی ہے۔ سعودی حکمرانوں نے ان افراد کو دہشتگردی کے جرائم میں سزائے موت دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ آزاد ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں سے 32 افراد "قطیف" کے علاقے سے تعلق رکھنے والے شیعہ "علماء دین" اور "شرقیہ" کے رہائشی شیعہ "دینی طالبعلم" ہیں جو معروف شیعہ عالم دین شیخ نمر باقر النمر کی اصلاحی تحریک کے حامی تھے۔

یاد رہے کہ سعودی بادشاہت ہر سال بڑی تعداد میں اپنے سیاسی مخالفین کا سر قلم کر دیتی ہے۔ اسی طرح اکتوبر 2015ء میں قطیف کے رہائشی معروف شیعہ عالم دین شیخ نمر باقر النمر کا بھی آل سعود کی بادشاہت کی مخالفت کے جرم میں دہشتگردی کا الزام عائد کر کے سر قلم کر دیا گیا تھا۔
 
خبر کا کوڈ : 790522
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش