0
Monday 29 Apr 2019 06:49

مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد سے اقوام متحدہ کے دفتر تک مارچ آج ہو گا

مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد سے اقوام متحدہ کے دفتر تک مارچ آج ہو گا
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والے ایل او سی ٹریڈرز کی جانب سے آج مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد سے اقوام متحدہ کے دفتر تک مارچ کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ تیتری نوٹ کراسنگ پوائنٹ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقیم ایل او سی تاجر مظفرآباد پہنچ چکے ہیں جبکہ چکوٹھی کراسنگ پوائنٹ کے تاجر بھی صبح دس بجے تک مظفرآباد پہنچ کر احتجاجی مارچ میں شریک ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل تیتری نوٹ اور چکوٹھی کراسنگ پوائنٹ کے ایل او سی تاجر نمائندگان سردار قضیم، محمود احمد ڈار، راجہ شاہین، سردار انصار، اعجاز احمد میر، پرویز احمد ایڈووکیٹ، محمد اشرف ڈار، انجم زمان اعوان، سردار منور، مرزا شکیل، چوہدری منیر، خواجہ منظور، چوہدری امتیاز، اسد مسعود، سردار وحید انور، چوہدری وقار، شاہد محمود اور دیگر نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر من گھڑٹ الزام لگا کر سرینگر مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ تجارت کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کے خلاف آج بروز پیر مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد سے اقوام متحدہ کے دفتر تک احتجاجی مارچ کا اعلان کیا تھا، تاجروں نے آج کے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کرتے ہوئے ایک بار پھر چکوٹھی سے لے کر راولپنڈی تک دوطرفہ تجارت سے منسلک افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مارچ میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنی شرکت کو یقینی بنا کر احتجاج کو کامیاب کریں۔ تاجروں نے پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر، کشمیر پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر خواجہ فاروق احمد، انجمن تاجران مظفرآباد کے صدر شوکت نواز میر،تنویر قریشی، گوہر احمد کشمیری، مبارک اعوان، بشارت مغل، راجہ امجد خان اور دیگر سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات کا احتجاجی مارچ کی حمایت کرنے پر دلی شکریہ ادا کیا ہے۔ یاد رہے کہ آٹھارہ اپریل کے روز بھارتی حکومت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا کر آرپار تجارت کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا تھا، تجارت معطلی کے باعث آرپار ایک ہزار سے زائد تاجر اور دیگر ہزاروں افراد بے روزگار ہو گئے تھے، تجارت معطلی کے بعد دونوں اطراف کی سیاسی اور کاروباری قیادت نے بھی شدید ردعمل ظاہر کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 791200
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش