0
Sunday 19 May 2019 11:56

قابض فوج بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہے، مسعود خان

قابض فوج بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہے، مسعود خان
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے گلی کوچوں میں بہنے والے خون اور اُوڑی سے رام نگر تک ہونے والی تباہی و بربادی کا حساب دھلی میں بیٹھے ہوئے حکمرانوں سے لینے کا وقت آ پہنچا ہے۔ گولیوں سے کشمیریوں کے جسموں کو چھلنی اور بارود سے اُن کی جائیداد اور کاروبار کو تو تباہ کیا جا سکتا ہے لیکن اُن کے دلوں میں بسی روح آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں چھین سکتی۔ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں چودہ کشمیریوں کی شہادت پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ محاصروں اور گھر گھر تلاشیوں کے بہانے بھارتی قابض فوج کے اہلکار عام شہریوں بالخصوص نوجوانوں کو چن چن کر قتل اور پیلٹ گنوں کے استعمال سے بصارت سے محروم کر رہی ہیں۔ خواتین پر جنسی تشدد اور اُنہیں ہراساں کرنا اب معمول بن چکا ہے جبکہ بچوں اور خواتین کو بطور ڈھال استعمال کرنے جیسے جرائم کا ارتکاب بے دریغ کیا جا رہا ہے۔ یہ وہ جرائم ہیں جنہیں بین الاقوامی طور پر انسانیت کے خلاف جرائم سمجھا جاتا ہے۔ بھارت کو جلد یا بدیر ان جرائم کا حساب دینا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ شوپیاں اور پلوامہ میں جس بے دردی سے نوجوانوں اور نہتے شہریوں کو قتل کیا گیا وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کے نیم پاگل حکمران کشمیریوں کو قتل کر کے اُنہیں جیلوں میں بند کر کے اور عقوبت خانوں میں تشدد کا نشانہ بنا کر غلامی کی زندگی قبول کئے رکھنے پر مجبور کر رہے ہیں، لیکن بھارت کا یہ جبر استبداد اور کشمیر کے متعلق اس کے مذموم منصوبے انشاءاللہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ بھارت کی قابض فوج ایک خاص منصوبے کے تحت کشمیر کے نوجوانوں کو دیوار کے ساتھ لگا کر اُنہیں انتہائی قدم اُٹھانے پر مجبور کر رہی ہیں تاکہ فوج کو نوجوانوں کو قتل کرنے کا مزید جواز مل سکے۔ صدر آزاد کشمیر نے مقبوضہ وادی میں تسلسل کے ساتھ نوجوانوں کے قتل عام کو بین الاقوامی انسانی اقدار کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی قابض افواج بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہے جن کو لگام دینا اورمحاسبہ کرنا نا گزیر ہو چکا ہے۔

سردار مسعود نے کہا کہ اب یہ بات بین الاقوامی برادری پر عیاں ہوتی جا رہی ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے سیاسی حقوق خاص طور پر اپنے بنیادی حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جبکہ بھارت اُن کے مطالبات کے جواب میں ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اُن کے خلاف طاقت کا نا جائز استعمال کر رہا ہے۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت ظلم، بربریت اور جبر کے تمام ہتھکنڈے استعمال کرنے کے باوجود کشمیریوں کے دلوں سے آزادی کی تڑپ ختم کرنے میں برُی طرح ناکام ہو گیا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مجموعی صورتحال پر بین الاقوامی برادری کی بے حسی ہی مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشت و خون کی بنیادی وجہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور دنیا کی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ قابض فوج کے ہاتھوں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کو رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ نئی د ہلی کے حکمرانوں پر اپنا اثر و سوخ استعمال کر کے خطہ کا دیرنیہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کی کوشش کریں۔ صدر سردار مسعود خان نے بھارتی حکام کی طرف سے سرینگر کی جامع مسجد کا محاصرہ کرنے اور نمازیوں کو مسجد کے اندر نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارتی حکام سے مطابلہ کیا کہ وہ رمضان المبارک کے ماہ مقدس میں سرینگر کی تاریخی جامع مسجد کا محاصرہ فی الفور ختم کر کے نمازیوں کو آزادانہ طور پر مسجد میں نماز کی ادائیگی کی سہولت مہیا کریں۔
خبر کا کوڈ : 795104
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش