0
Tuesday 21 May 2019 20:54

حکمرانوں کی غلطیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، سراج الحق

حکمرانوں کی غلطیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ گلشن راوی لاہور میں جماعت اسلامی لاہور اور جے آئی یوتھ کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عوامی افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قوم اس وقت ناقابل بیان مصیبت اور پریشانی کا شکار ہے اور عوام کے اندر بے چینی مسلسل بڑھتی جا رہی ہے، پورا معاشی نظام لاوارث ہو گیا ہے اور حکومت کے چہرے سے ہر روز ”میک اپ“ اتر رہا ہے، حکومت اپنے پہلے سو دنوں میں ایکسپوز ہوگئی تھی، باقی رہی سہی کسر اب نکل گئی ہے، روپے کی قدر میں کمی سے قرضوں کا بوجھ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے، گزشتہ چار روز میں روپے کی قدر میں کمی سے بیرونی قرضوں کا حجم ایک ہزار ارب روپے بڑھ گیا ہے اور ابھی قدر میں مزید کمی کے اشارے دیئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے پاکستانی سیاست اور جمہوریت میں عدم استحکام کی وجہ ملک میں موروثی سیاست کو قرار دیتے ہوئے کہاکہ ملک میں سیاسی جماعتوں پر چند خاندانوں کے تسلط نے عام سیاسی کارکن کا استحصال کیا ہے، عوام نے تمام سیاسی جماعتوں کو آزما کر دیکھ لیا ہے، سابقہ حکومتوں کے تسلسل پی ٹی آئی سے بھی کسی خیر کی توقع نہیں، حکومت نے اپنے منشور میں کیے گئے وعدوں کا پاس نہیں کیا اور محض 10 ماہ کے سفر میں ہی پانچ سال کی ناکامیوں کو سمیٹ لیا ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ روپے کی قدر کیساتھ ساتھ حکومت کے عزت و وقار میں بھی کمی ہوتی جا رہی ہے، اب حکومت کے پاس عوام کو دینے کے لیے کچھ نہیں رہا، عوام کا خون نچوڑنا اور ان کا دانہ پانی بند کرنا تبدیلی ہے تو قوم ایسی تبدیلی مزید برداشت نہیں کرے گی۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی سے معیشت تباہ و برباد ہوگئی ہے، المیہ یہ ہے کہ حکمرانوں کو بھی عام آدمی کی طرح ٹی وی کی سکرینوں سے پتہ چلتا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی کر دی گئی ہے، حکومت ہر دن ایکسپوز ہو رہی ہے، حکمرانوں نے مقابلہ کیے بغیر عالمی مالیاتی اداروں کے سامنے گٹھنے ٹیک دیئے ہیں، نااہلوں اور نالائقوں کی غلطیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 795564
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش