0
Friday 24 May 2019 20:47
حکومت کی ذمہ داری ہے کہ یوم القدس کی تقریبات کو سرکاری سطح پر منعقد کرے

ایران پر امریکی جارحیت کو عالم اسلام کیخلاف حملہ تصور کیا جائیگا، جعفریہ الائنس

پاکستان کے عوام ایران کیساتھ ہیں، امریکی عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دینگے
ایران پر امریکی جارحیت کو عالم اسلام کیخلاف حملہ تصور کیا جائیگا، جعفریہ الائنس
اسلام ٹائمز۔ جعفریہ الائنس پاکستان کے قائم مقام صدر علامہ باقر حسین زیدی نے کہا ہے کہ اکیس رمضان المبارک یوم شہادت امام علی علیہ السلام کی مناسبت سے کراچی سمیت سندھ بھر میں عزاداری کے اجتماعات، مجالس اور جلوس ہائے عزاء کے لئے حکومت فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کرے اور ان اجتماعات کے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کا یوم شہادت تمام مسلمان مکاتب فکر اپنے اپنے عقیدے کے مطابق مناتے ہیں، تاہم یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس مناسبت سے منعقد ہونے والے اجتماعات کے لئے بہتر انتطامات سمیت سکیورٹی کے اعلیٰ سطحی انتظامات کئے جائیں، تاکہ کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مولانا حسین مسعودی، علامہ نثار قلندری، سید شبر رضا، مہدی عباس، قاسم نقوی، ریحان اکبر، ضیاء الحسن اور دیگر موجود تھے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دشمن قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں، تاہم پاکستان کے عوام کا اتحاد اور یکجہتی دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کا بہترین ہتھیار ہے۔ انہوں نے تمام مسلمان مکاتب فکر کے علماء و زعماء سمیت عوام الناس سے بھی اپیل کی ہے کہ یوم شہادت امام علی علیہ السلام کے موقع پر پاکستانی عوام کا اتحاد اور یکجہتی یقیناً دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جعفریہ الائنس کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ فلسطین پر صہیونیوں کے غاصبانہ تسلط کو اکہتر سال مکمل ہوچکے ہیں، لیکن فلسطینی مجاہد ملت کے عزم و استقامت میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینی رہ کے فرمان پر دنیا بھر میں رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو قبلہ اول کی بازیابی کی عالمی تحریک کا دن یعنی ”عالمی یوم القدس“ منایا جاتا ہے، اس دن کی اہمیت یہ ہے کہ دنیا بھر میں بلاتفریق مذہب و رنگ و نسل تمام اقوام فلسطین و بیت المقدس کی بازیابی کے لئے اس دن کو یوم القدس کے عنوان سے مناتے ہیں، تاہم پاکستان کے عوام بھی جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس مناتے ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ یوم القدس کی تقریبات کو سرکاری سطح پر منعقد کرے اور غیر سرکاری تقریبات کے بہتر انتظامات کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کو بھی یقینی بنائیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یوم القدس کی مرکزی ریلی کراچی میں سی بریز تا تبت سینٹر نکالی جائے گی، جس میں تمام مسلمانان پاکستان سے شرکت کی اپیل بھی کی گئی۔

مقررین نے عالمی حالات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ امریکی بحری بیڑہ خلیج فارس میں پہنچ چکا ہے اور امریکی چاہتے ہیں کہ ایران کو اپنا نشانہ بنائیں، لیکن امریکہ کو جان لینا چاہیئے کہ ایران ان کے لئے تر نوالہ نہیں ہے، ایران نہ تو افغانستان ہے اور نہ ہی عراق ہے، امریکہ ایران کو گیدڑ بھپکیاں دینا بند کرے اور امریکی عوام پر پڑے اربوں ڈالرز کے ٹیکس بوجھ کو ختم کرنے کی فکر کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو عرب ممالک امریکہ اور اسرائیل کے مفاد کی خاطر آج ایران کو آنکھیں دکھا رہے ہیں، کل کو یہی عرب ممالک امریکی و اسرائیلی ہاتھوں سے شدید ہزیمت اٹھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اسرائیل کی بقاء و تحفظ کی خاطر مسلم دنیا کے ممالک کو ایک کے بعد ایک نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے اور ایران گذشتہ چالیس برس سے امریکی جنگی حکمت عملی میں صف اول میں ہے، تاہم یہ امریکہ کی ناکامی ہے کہ وہ ایران کو شکست دینے میں ناکام رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں واحد قوت ہے کہ جس نے نہ صرف مظلوم فلسطینیوں کی مدد کی ہے، بلکہ فلسطین کی جدوجہد کو ایک نئی جہت کے ساتھ پوری دنیا میں زندہ و جاوید رکھا ہے، اس بات کا اعتراف خود فلسطینی ملت کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران پر امریکی جارحیت کو عالم اسلام کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا اور پاکستان کے عوام ایران کے ساتھ ہیں اور امریکی عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 796119
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش