0
Sunday 26 May 2019 22:04

ریاستی پالیسی بنانے والوں اور سیاسی لوگوں کو ایک جگہ بیٹھ کر قومی ایجنڈا طے کرنا ہوگا، فاروق ستار

ریاستی پالیسی بنانے والوں اور سیاسی لوگوں کو ایک جگہ بیٹھ کر قومی ایجنڈا طے کرنا ہوگا، فاروق ستار
اسلام ٹائمز۔ سربراہ تنظیم ایم کیو ایم بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ مہنگائی، غربت و بے روزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، ملک کی پالیسی بنانے والوں اور سیاسی لوگوں کو ایک جگہ بٹھاکر قومی ایجنڈا طے کرنا وقت کی ضرورت ہے، کراچی کے لوگوں کی دادرسی ہونی چاہیئے، وزیر اعظم کے جنوبی سندھ صوبے کے حوالے سے دیئے جانے والے بیان کو ہم مسترد کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تنظیم ایم کیو ایم پاکستان بحالی کمیٹی کی جانب سے مقامی ہال میں دیئے جانے والے افطار ڈنر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دعوت افطار میں صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ، ڈاکٹر صغیر احمد، وسیم آفتاب، سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری، مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی اور دیگر معززین شہر نے شرکت کی، ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے دیئے جانے والے دعوت افطار میں بہت زیادہ بدنظمی کی وجہ سے آدھے سے زیادہ لوگ بغیر افطار اور کھانا کھائے بغیر ہی چلے گئے، بدنظمی کا یہ حال تھا ہال میں جگہ بھر جانے کی وجہ سے بیٹھنے کے لئے بھی جگہ موجود نہیں تھی۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ ملک کے حالات کو دیکھتے ہوئے ہمیں وسیع اور عظیم تر اتحاد قائم کرنا ہوگا، ہر طرف مختلف طرح کی آگ لگی ہوئی ہے، مہنگائی، غربت و بے روزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، وقت کی ضرورت ہے قومی پالیسی بنانے والوں اور سیاسی لوگوں کو ایک جگہ بیٹھ کر قومی ایجنڈا طے کرنا ہوگا اور اس موقع پر ہمیں عظیم تر اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افطار میں بلانا ہماری روایت ہے، اسلام بھی اس عمل کا درس دیتا ہے اور افطار کے موقع پر ملنے سے بھائی چارے میں اضافہ ہوتا ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی اور اس شہر کے لوگوں کی محرومیوں کو دور کرنے کے لئے داد رسی کی ضرورت ہے، کراچی میں صاف پانی کا مسئلہ شدت اختیار کرگیا ہے، شہر میں پانی ہوگا تو کراچی چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے جنوبی سندھ صوبے کے حوالے سے دیئے جانے والے بیان کو ہم مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، حیدرآباد یونیورسٹی کے اعلان نہیں اس کو بنائے جانے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 796420
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش