0
Tuesday 28 May 2019 18:18

یوم علی (ع) پر سیکیورٹی کے بھرپور انتظامات پر اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ناصر حسین شاہ

یوم علی (ع) پر سیکیورٹی کے بھرپور انتظامات پر اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ناصر حسین شاہ
اسلام ٹائمز۔ سینئر صوبائی وزیر برائے ورکس اینڈ سروسز، آبپاشی، جنگلات و جنگلی حیات اور مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں یوم علی (ع) کے موقع پر سیکیورٹی کے بھرپور اور کامیاب انتظامات پر پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کو  جاری اپنے بیان میں کیا۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے یومِ علی (ع) کے موقع پر سیکیورٹی کے بھرپور اور فول پروف انتظامات کئے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی ہدایت پر یوم حضرت علی (ع) پر مختلف اداروں کی جانب سے بلدیاتی و سکیورٹی کے سندھ بھر میں خصوصی اقدامات کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی جلوسوں کے راستوں اور مجالس کے مقامات پر صفائی و روشنی کے غیر معمولی اقدامات کئے گئے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کی ہدایت پر کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی مسلسل ترسیل کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ یوم حضرت علی (ع) کے موقع پر سندھ بھر میں صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات پر سندھ کے تمام بلدیاتی ادارے لائق تحسین ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ  چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خصوصی احکامات پر پورے صوبے میں بلدیاتی و سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے گئے جس پر سیکیورٹی، بلدیاتی و دیگر حوالوں سے بہترین انتظامات کرنے پر تمام اداروں کے شکرگزار ہیں۔ سینئر وزیر نے کہا کہ تمام سیکیورٹی اداروں کے مشترکہ و مربوط اقدامات کے باعث یوم حضرت علی (ع) کا پرامن انعقاد ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، عوام اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطہ اور مشترکہ حکمت عملی اپنائیں تو بڑے سے بڑے چیلنج کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون پر عوام، جلوسوں اور مجالس کے منتظمین، اسکاٹس اور متعلقہ تنظیموں کے شکرگزار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 796763
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش