0
Friday 31 May 2019 18:56
اسرائیل کیلئے نرم گوشہ رکھنا فلسطینی مسلمانوں کے وجود اور ان کی آزادی کے انکار کے مترادف ہے

فلسطین شیعہ سنی کا نہیں، انسانیت کا مسئلہ ہے، علامہ سید جواد نقوی

فلسطین شیعہ سنی کا نہیں، انسانیت کا مسئلہ ہے، علامہ سید جواد نقوی
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کی قیادت میں مال روڈ پر ناصر باغ سے پینوراما سینٹر تک فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کی ناجائز ریاست کے قیام کیخلاف امام خمینی کی حکم کے مطابق القدس ریلی نکالی گئی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ جامعہ عروة الوثقیٰ کے طلبا نے بھی منظم انداز میں ریلی میں طویل فلسطینی پرچم اٹھائے شرکت کی۔ جامعہ اُم الکتاب کی طالبات بھی ریلی میں شریک ہوئیں۔ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنیوالی تصاویر بھی القدس ریلی کا حصہ تھیں۔ شرکائے ریلی کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کی حمایت اور امریکہ اسرائیل بھارت مردہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے پینو راما سینٹر کے سامنے جلسے کی شکل اختیار کر گئے۔ جہاں علامہ جواد نقوی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کے اتحاد کو فلسطینیوں کی حمایت کیلئے ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کیلئے نرم گوشہ رکھنا فلسطینی مسلمانوں کے وجود اور ان کی آزادی کے انکار کے مترادف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ناجائز صیہونی ریاست کے تحفظ کیلئے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مظالم اور پاگل پن کی انتہا کو پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ نے جمعتہ الوداع کو یوم القدس قرار دے کر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کو عالمی مسئلہ بنا دیا اور اب ان شااللہ دنیا بھر کے غیر تمند مسلمان فلسطین کی آزادی تک اس تحریک کو جاری رکھیں گے اور اللہ تبارک و تعالیٰ کی نصرت و حمایت سے بہت جلد دنیا اسرائیل کی نابودی اور آزاد فلسطینی ریاست کا قیام دیکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ رہبر معظم امام خامنہ ای فلسطینی تحریک کے روح رواں ہیں جبکہ قائد مقاومت سید حسن نصر اللہ کی قیادت میں حزب اللہ اسرائیل کے مقابلے میں کامیابیاں حاصل کرے گی اور امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو ذلت و رسوائی کیساتھ منہ کی کھانی پڑے گی۔

علامہ جواد نقوی نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرانے کی سنچری ڈیل کے نام سے عالمی سازش سے مسلمانوں کو باخبر رہنے کی ضرورت ہے۔ امریکہ مسلم ممالک سے اسرائیل کے ناپاک وجود کو تسلیم کرنے کیلئے دباو بڑھا رہا ہے جبکہ امت مسلمہ کی قوت کو کمزور کرنے کیلئے امریکہ مشرق وسطیٰ میں جنگی حالات پیدا کرکے عرب ممالک کو ایران سے ڈرا رہا ہے، لیکن کسی مسلم ملک کو ایران سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، با بصیرت ایرانی قیادت عالم اسلام کے اتحاد کی داعی اور فلسطینیوں کی حمایت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین شیعہ سنی کا نہیں، بلکہ انسانیت اور آزادی کا مسئلہ ہے، تمام مسلمانوں کو فلسطینیوں کے حقوق کیلئے میدان میں آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سنچری ڈیل یہ ہے کہ فلسطینیوں سے ان کی سرزمین کو قیمتاً خرید لیا جائے، اب امریکہ کی کوشش ہے کہ عرب ملک مل کر فلسطینیوں کو زمین کے پیسے دے دیں اور فلسطینی اپنا ملک بیچ کر کہیں اور جا آباد ہوں اور اس مقصد کیلئے مصر میں کچھ اراضی بھی مختص کی جا رہی ہے۔ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ ٹرمپ نے اس مقصد کیلئے 10 ارب ڈالر دینے کی پیش کش کی ہے، محمود عباس سے بھی بات کی گئی ہے، اگر ٹرمپ کا یہ منصوبہ کامیاب ہو جاتا ہے تو اس کے مقابل میں کشمیر کی آزادی بھی خطرے میں پڑ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھی وہی کچھ ہو رہا ہے جو کچھ اسرائیل فلسطین میں کر رہا ہے، مودی بھی کشمریوں کی زمین خرید کر آبادی کا توازن بگاڑ رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 797270
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش