0
Friday 31 May 2019 22:05

بیت المقدس کی آزادی کیلئے مسلمانوں کا متحد ہونا لازمی امر ہے، مسرور عباس انصاری

بیت المقدس کی آزادی کیلئے مسلمانوں کا متحد ہونا لازمی امر ہے، مسرور عباس انصاری
اسلام ٹائمز۔ یوم قدس اور یوم کشمیر کے سلسلے میں جموں و کشمیر اتحاد المسلمین نے کشمیر کے متعدد مقامات پر شاندار قدس ریلیوں کا اہتمام کیا، جن میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کرکے عالمی استعمار خصوصاً اسرائیل، امریکہ اور ان کے اتحادیوں کے خلاف کھل کر برائت کا اظہار کیا۔ اس سلسلے میں سب سے بڑی ریلی نماز جمعہ کے فوراً بعد تنظیم کے صدر و سینئر حریت رہنما مولانا مسرور عباس انصاری کی قیادت میں سجاد آباد چھتہ بل سرینگر سے برآمد ہوئی جو بمنہ کراسنگ پر اختتام پذیر ہوئی۔ جلوس میں ہزاروں لوگ شریک ہوئے جنہوں نے غاصب اسرائیل، شیطان بزرگ امریکہ اور بھارت کے خلاف زور دار نعرے بازی کرتے ہوئے مظلومین و مستضعفین جہاں بالخصوص فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

قدس ریلی میں شامل احتجاجیوں نے بینر اور پلے کارڈ اٹھائے رکھے تھے جن پر اسرائیل، امریکہ مخالف اور آزادی قدس و کشمیر کے نعرے درج تھے۔ شرکاء نے رہبر انقلاب آیت اللہ خامنہ ای کو اپنی بھرپور حمایت دینے کا عزم دہرایا اور کہا کہ وہ رہبر کے اعلان پر بڑی سے بڑی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے۔ قدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مسرور عباس انصاری نے کرہ ارض پر اسرائیل کے وجود کو منحوس قرار دیا اور کہا کہ بیت المقدس مسلمانان عالم کے دلوں کی دھڑکن ہے اور اس کا تحفظ ہر مسلمان کا عقیدہ ہے۔ انہوں نے یوم قدس کوا شرعی، اخلاقی اور انسانی فریضہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قبلہ اول مسلمان حکمرانوں کی بے حسی اور نام نہاد مسلم ٹھیکہ داروں کی مفاد پرست پالسیوں کی وجہ سے صیہونیت کے ناپاک پنجے میں سسک رہا ہے اور افسوس کا مقام ہے کہ مسلمانوں کی غیرت سات دہائیوں کا عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی سوئی ہوئی ہے جس وجہ سے وہ قبلہ اول کو آزاد کرنے کے بجائے غاصب و جابر اور مسلم امہ کے ازلی دشمن اسرائیل و امریکہ کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار کررہے ہیں۔

مولانا مسرور انصاری نے کہا کہ یوم القدس ظالم و جابر کے خلاف اعلان جنگ اور مظلوم کی حمایت کا دن ہے اور امام خمینی (رہ) نے جس انداز سے قبلہ اول کی بازیابی کے لئے تحریک شروع کی اور رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو قدس شریف سے منسوب کیا وہ قابل تحسین و قابل فخر ہے۔ مولانا مسرور عباس نے امت سلامیہ سے اپیل کی کہ وہ جزوی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر دشمن قوتوں خاص کر امریکہ و اسرائیل کے خلاف عالمی سطح پر متحد ہوجائیں۔ انہوں نے یوم کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں قتل و غارتگری، ظلم و جور، تشدد اور بربریت میں ریکارڈ توڑ اضافہ ہوگیا ہے اور منصوبہ بند سازش کے تحت کشمیر کی نوجوان نسل کو گولیوں، شلوں، پیلٹ اور لاٹھیوں کے ذریعے یا تو اپاہج بنایا جارہا ہے یا پھر ابدی نیند سلایا جارہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطین اور کشمیر کے تنازعات کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی و دیگر اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ متفقہ طور پر ان حل طلب مسائل کا حل نکالنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں۔
خبر کا کوڈ : 797295
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش