0
Saturday 1 Jun 2019 20:54

پنجاب پولیس نے عید کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی

پنجاب پولیس نے عید کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی
اسلام ٹائمز۔ آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کی زیر صدارت کانفرنس میں چاند رات اور عید کے حوالے سے صوبے کے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی۔ عیدالفطر پر صوبے کی 22 ہزار 737 مساجد، امام بارگاہوں اور 866 کھلے مقامات پر ہونیوالے عید اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے 51 ہزار 63 افسران و اہلکار سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔ لیلتہ القدر کے موقع پر صوبے بھر میں مساجد، امام بارگاہوں سمیت تمام مذہبی مقامات کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔ حساس مساجد، امام بارگاہوں اور مذہبی مقامات کی سکیورٹی کیلئے چھتوں پر سنائپرز جبکہ اردگرد کمانڈوز کو تعینات کیا گیا ہے۔ آئی جی نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے سلسلے میں مزید تیزی لائی جائے۔ چاند رات پر صوبے کی اہم مارکیٹس اور کاروباری مراکز کی سکیورٹی کیلئے اضافی دستوں کی تعیناتی کیساتھ پٹرولنگ کے اوقات کار کو بڑھایا جائے۔ چاند رات پر ہلڑ بازی، ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ پر کارروائی میں زیرو ٹالرینس کا مظاہرہ کیا جائے۔

آئی جی نے کہا کہ بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر گاڑیوں اور مسافروں کی چیکنگ کے عمل کو مزید سخت کیا جائے۔ عید کی چھٹیوں کے دوران تفریح گاہوں کی سکیورٹی کیلئے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عید سکیورٹی ڈیوٹی میں 38 ہزار 465 افسران و اہلکار، 3 ہزار 970 سپیشل پولیس اہلکار اور 8 ہزار 628 قومی رضا کار شامل ہونگے۔ حساس مساجد و امام بارگاہوں کی سکیورٹی کیلئے 155 واک تھرو گیٹس، 10 ہزار 953 میٹل ڈٹیکٹرز اور 10 ہزار 849 سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائیں جائیں گے۔ چاند رات کی سکیورٹی کیلئے صوبے بھر میں 20ہزار 588 افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ واک تھرو گیٹس اور حساس مقامات پر سی سی ٹی کیمرے نصب کرنے کا حکم دیا گیا۔ کانفرنس میں سینئر افسران کے علاوہ صوبے کے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیولنک شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 797398
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش