0
Tuesday 11 Jun 2019 17:23

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے گھروں کی 3 مختلف تعمیراتی اسکیموں کی منظوری دیدی

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے گھروں کی 3 مختلف تعمیراتی اسکیموں کی منظوری دیدی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت صوبے میں گھروں کی 3 مختلف تعمیراتی اسکیموں کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے اسکیموں پر تیز تر عملدرآمد کی ہدایت بھی کی ہے۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے پشاور میں 8 ہزار 500 کنال وسیع قطعہ اراضی پر 20 ہزار گھروں کی تعمیر کے مجوزہ پلان سے اتفاق کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ آئندہ 20 دن کے اندر منصوبے کی ابتدائی فیزیبیلیٹی مکمل کی جائے اور پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جائیں تاکہ سکیم کا بروقت اجراء یقینی ہوسکے۔ انہوں نے سوات اور ہنگو ہاؤسنگ اسکیموں کی حتمی پروپوزل بھی آئندہ 10 دنوں کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے تحت ہنگو میں 9 ہزار جبکہ سوات میں 3 ہزار گھر تعمیر کئے جائیں گے۔ وزیراعلٰی کے پی کے نے واضح کیا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ وزیراعظم عمران خان کی غریب عوام سے ہمدردی اور ویژن کا عکاس ہے۔ مذکورہ اسکیموں پر عملدرآمد میں تیز رفتار پیشرفت یقینی بنائی جائے کیونکہ موجودہ حکومت غریب اور ضرورت مند عوام کو سہولیات دینا چاہتی ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پشاور میں تقریباً 70 ارب روپے کی لاگت سے ہاؤسنگ اسکیم کے تحت دیگر سہولیات کے علاوہ 20 ہزار مکانات تعمیر کئے جاسکتے ہیں۔ اسکیم کیلئے باضابطہ ممبر شپ مہم چلائی جائے گی اور پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرکے اسکیم کا اجراء کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 798976
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش