0
Wednesday 12 Jun 2019 02:51

وزیر اعظم کا نون لیگ اور پی پی ادوار میں لیے گئے 24 ہزار ارب کے قرضوں کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا اعلان

وزیر اعظم کا نون لیگ اور پی پی ادوار میں لیے گئے 24 ہزار ارب کے قرضوں کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم عمران خان نے نون لیگ اور پیپلزپارٹی ادوار میں لیے گئے 24 ہزار ارب روپے کے قرضوں کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا اعلان کر دیا۔ قوم سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے 8 سالہ دور میں 2 ارب ڈالرز کا غیر ملکی قرضہ بڑھا لیکن آصف زرداری اور نواز شریف کے ادوار میں بیرونی قرضہ 41 ارب سے 97 ارب ڈالر ہو گیا جب کہ ان دس سالوں میں ملکی قرضہ چھ ہزار ارب روپے سے 30 ہزار ارب روپے ہوا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں اپنے نیچے اعلیٰ سطح کا انکوائری کمیشن بنانے لگا ہوں، تحقیقات کریں گے کہ 10 سال میں کس طرح ملک کو تباہ کیا گیا، انہوں نے پوری کوشش کی ملک کو تباہ کیا جائے، انکوائری کمیشن کے ذریعے 10 سال میں لیے گئے قرضے کی تحقیقات کی جائے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ 'انکوائری کمیشن میں انٹیلی جنس بیورو (آئی بی)، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر)، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی) اور انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے نمائندے شامل ہوں گے، 24 ہزار ارب روپے کا قرضہ کیسے چڑھا، انکوائری کمیشن کے ذریعے پتہ لگائیں گے۔ اب تک ملک کو بحران سے نکالنے کا دباؤ تھا لیکن اب وہ ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میری جان بھی چلی جائے ان چوروں کو نہیں چھوڑوں گا، قوم کو پتہ ہونا چاہیے کہ انہوں نے ملک کے ساتھ کیا کیا، پاکستانی قوم کا مجھ پر اعتماد ہے جبکہ شبر زیدی کے ساتھ مل کر ایف بی آر کو ٹھیک کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب سے اقتدار ملا ہے پہلے دن سے مخالفین کہتے ہیں کہاں ہے نیا پاکستان؟ بڑے بڑے برج جو آج جیل کے اندر ہیں، یہ تبدیلی ہے، پاکستان میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ اتنے بڑے برج جیل میں ہوں گے، یہ ہے قانون کی بالادستی جو آہستہ آہستہ نظر آرہی ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نیب میرے نیچے نہیں، آج کی عدلیہ آزاد ہے، نیب کا چیئرمین ہمارا لگایا ہوا نہیں بلکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے اپوزیشن نے مجھے پارلیمنٹ میں تقریر نہیں کرنے دی، اپوزیشن پر کیسز میں نے نہیں بنائے، آصف زرداری کے خلاف میگا منی لانڈرنگ کا کیس (ن) لیگ نے بنایا، شہبازشریف کے خلاف بھی کیس ہم نے نہیں بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے ان کو این آر او دیا جائے، آج شور مچ رہا ہے کہ زرداری جیل میں ہے، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اکٹھی ہوگئی ہے، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی دونوں حکومتیں کرپشن کی وجہ سے ختم ہوئیں، (ن) لیگ نے اپنے دور میں آصف زرداری کو جیل میں ڈالا تھا، جبکہ دو این آر اوز کی قیمت ملک نے ادا کی۔

 ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے میثاق جمہوریت پر دستخط کیے اور دونوں نے کھل کر کرپشن کی، 2008 کے بعد ملک پر جو قرضہ چڑھا اس کی وجہ دونوں جماعتوں کی کرپشن ہے، جبکہ (ن) لیگ نے 10 سال میں 4 کمپنیوں سے 30 کمپنیاں بنائیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ 'میثاق جمہوریت سے دونوں جماعتوں نے طے کیا تھا ایک دوسرے کومدت پوری کرنے دیں گے، دونوں جماعتوں نے کرپشن کر کے پیسہ ہنڈی کے ذریعے باہر بھجوایا، جبکہ زرداری کی 100 ارب روپے کی منی لانڈرنگ سامنے آئی، باہر سے پیسے بھیجنے والا کوئی فالودہ والا نکلا، جعلی اکاؤنٹس استعمال کیے گئے، ایک خاتون 5 لاکھ ڈالرز باہر لے جاتے ہوئے پکڑی گئی، جبکہ اقامے بھی منی لانڈرنگ کے طریقے تھے۔

بجٹ کے حوالے سے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج تحریک انصاف نے پہلا بجٹ پیش کیا، بجٹ کو سمجھنے کے لیے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ یہ وہ بجٹ ہے جو نئے پاکستان کے نظریے کی عکاسی کرے گا، پاکستان عظیم ملک بننے جارہا ہے جبکہ نیا پاکستان نبی کریم ﷺ کی مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست ماڈل ریاست تھی، مدینہ کی ریاست کا سب سے بڑا اصول یہ ہے کہ ریاست کا سربراہ جواب دہ ہے، کوئی قانون سے بڑا نہیں، ریاست مدینہ میں امیروں سے رقم لے کر غریبوں پر خرچ کی جاتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ آج عدلیہ آزاد ہے، عمران خان نہ عدلیہ کو کچھ کر سکتا ہے نہ نیب کو، نیب کا چیئرمین ہمارا لگایا ہوا نہیں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے لگایا، اپوزیشن پر کیسز میں نے نہیں بنائے، آصف زرداری کے خلاف میگامنی لانڈرنگ کا کیس (ن) لیگ نے بنایا، شہباز شریف کے خلاف بھی کیس ہم نے نہیں بنایا، اپوزیشن کے خلاف کیسز پی ٹی آئی نے نہیں بنائے پھر شور کیوں مچاتے ہیں؟
خبر کا کوڈ : 799030
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش