0
Saturday 15 Jun 2019 23:12

انصاراللہ یمن کیجانب سے صوبہ "الضالع" میں پیشقدمی جاری

انصاراللہ یمن کیجانب سے صوبہ "الضالع" میں پیشقدمی جاری
اسلام ٹائمز۔ یمن کے نیوز چینل "المسیرہ" کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی دفاعی کمیٹیوں نے یمن کے صوبے "الضالع" کے علاقے "قعطبہ" میں جارح سعودی اتحاد کے متعدد ٹھکانوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں شدید نقصان پہنچایا۔ فوجی ذرائع کے مطابق اس دوران یمنی افواج نے جارح سعودی اتحاد کے متعدد فوجی ٹھکانوں کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔ اس کے ساتھ ساتھ یمن کے دوسرے صوبے "تعز" میں بھی یمنی افواج نے سعودی اتحاد کے متعدد فوجی ٹھکانوں پر حملہ کرکے انہیں شدید نقصان پہنچایا۔ دوسری طرف یمنی فوج اور عوامی دفاعی کمیٹیوں کے "انجینئرنگ ونگ" نے نجران کے نواحی علاقے "الأجاشر" میں گوریلا کارروائیاں کرتے ہوئے جارح سعودی افواج کے فوجیوں اور سازوسامان سے بھری ایک گاڑی کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔

یمنی افواج نے صوبہ "الجوف" میں واقع "خب و الشعف" نامی علاقے میں "أسطر" کے مقام پر بھی جارح سعودی اتحادی فوجیوں اور سازوسامان سے بھری ایک اور سعودی فوجی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد حملہ آور فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ واضح رہے کہ چند ماہ قبل ہی غریب ترین عرب ملک "یمن" پر امیر ترین عرب ملک "سعودی عرب" کی طرف سے متعدد ممالک پر مشتمل اپنے فوجی اتحاد کے ذریعے وحشتناک فوجی و اقتصادی جنگ کے مسلط کئے جانے کے 4 سال مکمل ہوئے ہیں، جبکہ اس جنگ کا پانچواں سال عالمی بےحسی کے سائے میں دنیا کے انسانی حقوق کے ٹھیکے دار ممالک کی طرف سے یمن کے نہتے عوام کے خلاف جارح سعودی عرب اور اس کے فوجی اتحاد کی بھرپور حمایت کے ساتھ جاری ہے۔

یمنی "مرکز برائے قانون و پیشرفت یمن" (المركز القانوني للحقوق والتنمية-LCRDYE) کے منتشر کردہ اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب اور اس کے متعدد اتحادی ممالک کی طرف سے یمن پر مسلط کردہ جنگ کے گذشتہ چار سالوں کے دوران اس اتحاد کی طرف سے یمن پر کئے جانے والے فضائی حملوں میں 15 ہزار 185 بےگناہ غیر فوجی یمنی شہری مارے گئے ہیں، جن میں 3 ہزار 527 یمنی بچے اور 2 ہزار 277 یمنی خواتین شامل ہیں۔ اسی طرح یمن پر سعودی اتحاد کے صرف ہوائی حملوں کے نتیجے میں 23 ہزار 822 یمنی شہری زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں 3 ہزار 526 یمنی بچے اور 2 ہزار 587 یمنی خواتین شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 799720
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش