0
Thursday 20 Jun 2019 17:36

ملک میں مزید پھانسی گھاٹ اور جیلوں کی ضرورت ہے، میرا بس چلتا تو 5 ہزار افراد کو لٹکا دیتا، فیصل واوڈا

ملک میں مزید پھانسی گھاٹ اور جیلوں کی ضرورت ہے، میرا بس چلتا تو 5 ہزار افراد کو لٹکا دیتا، فیصل واوڈا
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ملک میں مزید پھانسی گھاٹ اور جیلوں کی ضرورت ہے تاکہ 35 سالوں سے ملک لوٹنے والوں کا احتساب کیا جا سکے، میرا بس چلتا تو 5 ہزار افراد کو لٹکا دیتا، حزب اختلاف کی دونوں بڑی جماعتوں نے ملک کے ساتھ جو کیا اس کے بعد یہ تو ہاتھ ملانے کے بھی قابل نہیں ہیں، انہیں عوام کے سامنے منہ پر کپڑا ڈال کر آنا چاہیئے۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 35 سال سے اس ملک میں دو جماعتوں کی حکمرانی تھی جو باریاں لگا رہے تھے، ایک دوسرے کو برا بھلا کہتے رہے اور حکمرانی کرتے رہے، انہوں نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل میں آرمی چیف کو شامل کرنا بہت اچھا ہے، فوج ہر کام میں ہمارے شانہ بشانہ ہوتی ہے لیکن اس بار عمران خان نے انہیں کمیٹی میں شامل کرکے بتا دیا کہ وہ ہمارے ملازم نہیں ہیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل سے کسی دوسری کمیٹی کو فرق نہیں پڑے گا، سب اپنا اپنا کام کرتے رہیں گے، میں اب بھی اپنی بات پر قائم ہوں کہ 5 ہزار لوگوں کو لٹکا دیا جائے تو ملک ٹھیک ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ قانون ایسا بنے کہ جزا اور سزا کا فیصلہ فوری ہوجائے۔ انہوں  نے کہا کہ عمران خان دو ہفتے کے ریونیو کے باوجود ملک کو چلا رہے ہیں اور دیوالیہ ہونے کے خطرے سے باہر نکال لیا ہے، اگر ہم قرضوں پر سود ادا نہیں کرتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جمہوریت کو بدعنوانی کے لئے استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے پاس باہر نکلنے کے لئے عوامی طاقت موجود نہیں، اس لئے وہ سڑکوں پر آنے سے ڈر رہے ہیں اور بہانے بہانے سے وقت آگے بڑھا رہے ہیں، یہ کل جماعتی کانفرنس کے بعد بھی کوئی فیصلہ نہیں کر سکیں گے۔
خبر کا کوڈ : 800593
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش