0
Friday 21 Jun 2019 13:39

الیکشن کمیشن کا قبائلی نوجوانوں کیلئے قرضہ اسکیم پر نوٹس

الیکشن کمیشن کا قبائلی نوجوانوں کیلئے قرضہ اسکیم پر نوٹس
اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کیلئے شروع کی گئی 'انصاف روزگار اسکیم' کا نوٹس لیتے ہوئے اسے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے وزیراعلٰی کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان اضلاع میں انتخابی عمل کے مکمل ہونے تک تقریب کو ملتوی کردیں۔ صوبائی الیکشن کمیشن دفتر کے ڈپٹی ڈائریکٹر نوید الرحمٰن کی جانب سے وزیراعلٰی کے پرنسپل سیکرٹری کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا جس میں خبر تشہیر سے متعلق کہا گیا جو قبائلی اضلاع میں سود سے پاک قرضوں کی فراہمی سے متعلق مقامی اخبار میں شائع ہوئی، جو ای سی پی کی جانب سے ضم اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے جاری ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں ضم قبائلی علاقوں میں 20 جولائی کو پولنگ ہوگی، تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے جب اس معاملے کا نوٹس لیا گیا تو وزیراعلٰی ہاؤس میں پہلے ہی صبح کے اوقات میں تقریب منعقد ہوئی تھی۔

ای سی پی کے صوبائی ترجمان سہیل خان نے میڈیا کو بتایا کہ جیسے ہی جمعرات کو شائع اشتہارات پر سوال اُٹھے، کمیشن نے فوری طور پر ایکشن لیا اور وزیراعلٰی کو خط ارسال کردیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے جواب موصول ہونے کے بعد کمیشن مزید کارروائی پر فیصلے کیلئے اس معاملے کو دیکھے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن انتخابی مہم میں شامل اسٹیک ہولڈرز پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ وہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کرسکیں۔ وزیراعلٰی کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن پاکستان نے 6 مئی 2019ء کے نوٹیفکیشن نمبر ایف.8 (2)/ 2019 کورڈ (1) کے تحت ان حلقوں میں انتخابی عمل کے دوران تمام ترقیاتی اسکیمز پر پابندی عائد کی ہے اور یہ انتخابی عمل کے مکمل ہونے تک ہے۔

خط میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں وزیراعلٰی سیکرٹریٹ میں منعقد کی جانے والی پیشگی تقریب ای سی پی کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق اور ہدایات کی خلاف ورزی ہے، لہٰذا آپ پر ضروری ہے کہ ان ضم اضلاع میں انتخابی عمل کے مکمل ہونے تک اس تقریب کے منصوبے کو منسوخ کریں اور اگر اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا تو یہ معاملہ مزید کارروائی کیلئے معزز کمیشن کو رپورٹ کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں کرم اور خیبر کے قبائلی اضلاع کے ڈسٹرک ریٹرننگ آفیسرز نے سینئر وزیر محمد عاطف خان، رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی اور پی ٹی آئی کے امیدوار برائے حلقہ پی کے 107 خیبر 3 زبیر آفریدی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹسز جاری کردیئے۔
خبر کا کوڈ : 800701
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش